برطانوی کابینہ سے چانسلر ساجد جاوید عہدے سے مستعفی ہوگئے

ساجد جاوید نے بعض مشیروں کی تعیناتی پر اختلاف کرتے ہوئے استعفا دیا، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے 8 سینئر وزراء کی چھٹی کروادی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 13 فروری 2020 17:50

برطانوی کابینہ سے چانسلر ساجد جاوید عہدے سے مستعفی ہوگئے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 فروری 2020ء ) برطانوی کابینہ سے چانسلر ساجد جاوید عہدے سے مستعفی ہوگئے، ساجد جاوید نے بعض مشیروں کی تعیناتی پر اختلاف کرتے ہوئے استعفا دیا ، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے 8 سینئروزراء کی چھٹی کروادی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں بڑے پیمانے پروزراء کے عہدوں میں ردوبدل کردیا گیا ہے، برطانوی وزیراعظم نے آٹھ سینئر وزراء کی چھٹی کروا دی ہے۔

برطانوی کابینہ سے چانسلر ساجد جاوید بھی عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں، ساجد جاوید نے بعض مشیروں کی تعیناتی پر اختلاف کرتے ہوئے استعفا دے دیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم نے ساجد جاوید کی جگہ رشی سناک کو چانسلر تعینات کردیا ہے۔ واضح رہے ساجد جاوید کا تعلق برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی سے ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن منصب پر فائز ہوئے تو اقلیتی شہری ساجد جاوید کو کابینہ میں چانسلر یعنی خزانہ امور کا قلمدان سونپ دیا، برطانوی کابینہ میں وزیرخزانہ کا عہدہ وزیراعظم کے بعد سب سے بڑا عہدہ ہے۔

ساجد جاوید 2018ء تا2019ء میں ہوم سیکرٹری کے عہدے پر بھی کام کرچکے ہیں۔ واضح رہے ساجد جاوید پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہیں، 1960ء میں ساجد جاوید کے والد برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔ جہاں انہوں نے بس ڈرائیور کی حیثیت سے ملازمت کی، اور اپنے بچوں کو تعلیم دلوائی۔ دوسری جانب برطانوی لیبر پارٹی نے کابینہ میں ردوبدل کو افراتفریح کی صورتحال قرار دیا ہے۔