امریکی سینیٹ نے صدر ٹرمپ کے اختیارات محدود کر دیے

امریکی سینیٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کانگریس کی اجازت کے بغیر ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے روکنے کی قرارداد منظور کر لی گئی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 14 فروری 2020 10:07

امریکی سینیٹ نے صدر ٹرمپ کے اختیارات محدود کر دیے
واشنگٹن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 فروری 2020ء) امریکی سینیٹ نے صدر ٹرمپ کے اختیارات محدود کر دیے۔ امریکی سینیٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کانگریس کی اجازت کے بغیر ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے روکنے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سینیٹ نے صدر ٹرمپ کے خلاف قرارداد منظور کر کے امریکی صدر کے جنگی اختیارات کو محدود کر دیا ہے۔

سینیٹ نے امریکی صدر کو بغیر اجازت کے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی سے روک دیا ہے۔
قرارداد کی منظوری کے بعد سے امریکی صدر ایران کے خلاف سینیٹ کی منظوری کے بغیر فوجی کارروائی نہیں کر سکیں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سینیٹ میں ہونے والی ووٹنگ میں قرارداد کے حق میں 55 جبکہ مخالفت میں 45 ووٹ ڈالے گئے، 8 ری پبلکن سینیٹرز نے بھی قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالے۔

(جاری ہے)

قرارداد کے مطابق آئندہ سے امریکی صدر کو ایران کے خلاف جنگ کی صورت میں کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کے لیے کانگریس سے منظوری لینا پڑے گی، اس کے علاوہ جارحیت میں ملوث امریکی فوجیوں کو بھی واپس بلانا پڑے گا۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹ سے کہا تھا کہ وہ ان کے ایران کے خلاف جنگ کی اجازت دینے کے اختیار کو محدود کرنے سے متعلق قرارداد کو منظور نہ کرے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ اس قرارداد کی منظوری سے ایران کو ایک بہت برا اشارہ جائے گا اور وہ کسی استثنیٰ کے بغیر اقدامات کرتا رہے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے ملک کی سلامتی کے لیے بہت اہم ہے کہ امریکی سینیٹ ایران جنگ اختیارات سے متعلق قرارداد کے حق میں ووٹ نہ دے، ہم ایران کے ساتھ بہت اچھا کر رہے ہیں، یہ کمزوری دکھانے کا وقت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ سینیٹ نے امریکی صدر کے جنگی اختیار کو محدود کرنے کا اقدام ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو امریکہ کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے 40ویں روز کیا ہے۔