ڈی پی او ہری پور ڈاکٹر زاہد الله کے احکامات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری

جمعہ 14 فروری 2020 13:38

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2020ء) ڈی پی او ہری پور ڈاکٹر زاہد الله کے احکامات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، تھانہ سٹی پولیس نے پانچ رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ اور دیگر آلات برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا، ضلع بھر میں دو روز کے دوران متعدد بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔

تھانہ صدر پولیس نے منشیات فروش رستم ولد رائے خان سکنہ راولپنڈی کے قبضہ سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی، دیگر کاروائیوں کے دوران منشیات فروشوں کے قبضہ سے 17 کلو 820 گرام چرس، 111 گرام ہیروئن اور 270 لیٹر شراب برآمد کر کے منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گے۔ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کے دوران اسلحہ ڈیلرز، رہائشی مکانات و مشکوک افراد کی تلاشی کے دوران غیر قانونی اسلحہ 25 عدد پستول، 7 عدد بندوقیں، 4 عدد رپیٹر اور 2377 مختلف بور کے کارتوس برآمد کر کے زیر دفعہ 15 اے اے مقدمات درج ہوئے، دیگر کاروائیوں کے دوران نامکمل سیکورٹی انتظامات پر چار دکانداروں، فائرنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر دو افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کئے گے، غفلت و بے احتیاطی کے مرتکب 33 ڈرائیوروں کے خلاف 279 پی پی سی کے تحت مقدمات کا اندراج کیا گیا۔

(جاری ہے)

ضلع بھر کے مختلف تھانہ جات کی حدود سے مختلف جرائم میں مطلوب پانچ مجرمان اشتہاری گرفتار کر کے مقامی عدالتوں میں پیش کئے گے۔