طالبان کے ساتھ امن مذاکرات میں اہم پیشرفت قابل تحسین ہے، امریکی وزیر خارجہ

جمعہ فروری 13:45

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2020ء) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے حالیہ دنوں میں طالبان کے ساتھ امن مذاکرات میں اہم پیشرفت کو قابل تحسین قرارداد دے دیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات انہوں نے امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کے افغانستان میں تشدد کی کارروائیوں میں 7روز تک کمی کے ایک منصوبے پر طالبان کے ساتھ مذاکرات سے متعلق ایک بیان کے بعد کہی۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ روز کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں امن و امان کے حوالے سے مزید بات چیت کا حکم دیا ہے۔ وزیر خارجہ نے امن مذاکرات میں حالیہ پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذاکرات پیچیدہ تھے لہذا ابھی تک امن معاہدہ نہیں ہو سکا، ہمیں امید ہے کہ ہم اس مقام پر کام کر سکتے ہیں جہاں صرف کاغذات تک ہی نہیں بلکہ عملی طور پر بھی تشدد میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہم تشدد کی کارروائیوں کو تھوڑی دیر کے لئے روک سکتے ہیں تو ہم سنجیدہ بحث کا آغاز کرنے کے قابل ہوسکتے ہیں جس میں ایک میز پر بیٹھے تمام افغان ایک حقیقی مفاہمت کی تلاش کرتے ہیں۔ وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا کہ افغان مسئلے کا حل صرف سیاسی معاہدہ ہے جس میں پیشرفت ہوئی ہے اور سا متعلق مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔