نیوزی لینڈ ٹیم کے آئندہ سال دورہ پاکستان کا امکان

جنوری 2021ء میں نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز میں 2 ٹیسٹ اور 3ٹی ٹونٹی میچز کی میزبانی کیلیے پرامید ہیں:وسیم خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 14 فروری 2020 14:10

نیوزی لینڈ ٹیم کے آئندہ سال دورہ پاکستان کا امکان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14فروری2020ء ) پی سی بی آئندہ سال جنوری میں نیوزی لینڈ کی میزبانی کا منتظر ہے۔قذافی سٹیڈیم، لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ ہم ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے سفر میں بتدریج آگے بڑھتے جا رہے ہیں، جنوبی افریقی ٹیم کا دورئہ بھارت 18مارچ کو مکمل ہوگا،پروٹیز طویل سیریزکے بعد زیادہ سفر نہیں کرنا چاہتے، اس لیے تینوں ٹی ٹونٹی میچز کے لیے راولپنڈی کو موزوں وینیو سمجھا جا رہا ہے،دونوں بورڈز میں بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے، کرکٹ ساؤتھ افریقہ شعبہ سکیورٹی کے سربراہ کو دورئہ پاکستان میں اگر کوئی خدشات ہوئے تو انھیں دورکرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دورے کی تصدیق ہوگئی تو میچز پی ایس ایل فائنل کے بعد 24،25 اور 27مارچ کو کھیلے جائیں گے، انھوں نے کہا کہ پروٹیز کا دورہ اگرچہ ایک ہی وینیو تک محدود لیکن انتہائی اہم پیش رفت ثابت ہوگا،ہم اگلے سال جنوری میں نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز میں 2 ٹیسٹ اور 3ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کیلیے پُرامید ہیں،مقابلے مختلف وینیوز پر شیڈول کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر وسیم خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھارت سے باہمی کرکٹ کے امکانات نظر نہیں آتے تاہم مستقبل میں بہتری کی امید کر سکتے ہیں، دونوں ملکوں کے عوام روایتی حریفوں کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں،انھوں نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹس پر اب کسی کا استحقاق نہیں رہا، کوئی بھی میزبانی چاہتا ہے تو اسے اپنے وسائل کو دیکھنا ہوگا،ہمارے پاس بھی آپشنز ہیں جن پر آگے چل کر غور کریں گے۔