لاپتہ مفخر عدیل کے دوست کا شہباز تتلہ کے قتل ہونے کا انکشاف

روپوش ہونے سے قبل ایس ایس پی مفخر عدیل نے عیاشی کے لیے لیا گیا گھر دُھلوا کر تمام شواہد مٹا دئیے تھے،پارٹی گرلز کے موبائل فون ٹریک کر لیے گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 17 فروری 2020 15:23

لاپتہ مفخر عدیل کے دوست کا شہباز تتلہ کے قتل ہونے کا انکشاف
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-17فروری 2020ء) ایس ایس پی مفخر عدیل کی پُراسرار گمشدگی کی تحقیقات جاری ہیں اور پولیس کو ان کے قریبی دوست اسد بھٹی کے موبائل فون سے اہم تفصیلات مل گئی ہیں۔ پولیس نے مفخر عدیل کی گمشدگی کی تحقیقات کے دوران ان کے دوست اسد بھٹی کو حراست میں لیا۔جس کے موبائل سے 7فروری کو ہونے والی پارٹی کی تفصیلات مل گئیں،بتایا گیا ہے کہ مفخر عدیل کیس کی تفتیش اغواء سے قتل کے زاویوں پر شروع کر دی ہے۔

گرفتار ملزم اسد بھٹی نے شہباز تتلا کے قتل کا انکشاف کیا ہے۔ اسد بھٹی کی نشاندہی پر فزیکل شواہد چیک کیے گئے،تیسری بار چیکنگ پر بھی ٹھوس شواہد ہاتھ نہ لگ سکے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسد بھٹی کے انکشاف کا سچ ہونے کا انحصار شواہد پر ہے۔جائے وقوعہ باؤزر عباس لائن سے بلایا گیا تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود لاش یا خون کے نمونے نہیں مل سکے۔

(جاری ہے)

اسد بھٹی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ قتل میں ملوث نہیں ہوں لیکن شواہد ضائع کرنے میں معاونت کی۔پولیس نے اسد بھٹی کے موبائل فون سے 7 فروری کو ہونے والی پارٹی کی تفصیلات بھی حاصل کر لی تھیں۔اسد بھٹی کی نشاندہی پر پارٹی گرلز اور منشیات فروشوں کے موبائل فون ٹریک بھی کیے گئے۔شہباز تتلہ کے آفس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ایس ایس پی کے ساتھ دفتر سے گئے۔

جس کے بعد ایس ایس پی مفخر عدیل سے تحقیقات کا آغاز کیا گیا،کچھ دیر بعد ہی ایس ایس پی نے عیاشی کے لیے لیا گیا گھر پنجاب کانسٹبلری کے واٹر باؤزر اور دس ملازمین کی مدد سے پانی سے دھلوایا اور خود کہیں روپوش ہو گئے۔ مفخر عدیل ، شہباز تتلا سمیت دیگر لوگ پارٹی میں شامل تھے۔مفخر عدیل کو سامنے لانے کے لئے سی آئی اے کی ٹیمیں پنجاب سمیت بلوچستان میں چھاپے مار رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس کو اسد بھٹی سے دیگر معلومات بھی ملی ہیں جن پر تحقیقات کو آگے بڑھایا جارہا ہے