پولیو مہم، پانچ سال تک عمر کے 14 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کیلئے ٹیمیں ترتیب دے دیں، کمشنر سرگودھا

پیر 17 فروری 2020 16:48

پولیو مہم، پانچ سال تک عمر کے 14 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کیلئے ٹیمیں ..
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) کمشنر سرگودھا ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں پولیو کیسز کا سامنے آنا الارمنگ ہے ،ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں انسداد پولیو کے لیے متحرک ہو کر فرائض انجام دیں، انسداد پولیو مہم کے وضع کردہ پلان پر عمل درآمد میں کوتاہی یا غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی،مہم کے دوران ہر بچے کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے گا،پولیو کے خاتمے کیلئے کاوشیں جہاد ہے، مشترکہ کاوشوں سے مرض کا خاتمہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شہباز حسین نقوی،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بورڈ رانا عبداللہ ،سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سمیع اللہ اور ڈی ایچ او ڈاکٹر سہیل قاضی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہاکہ پولیو ہمارا قومی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی شمولیت سے انسداد پولیو کیلئے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے، حالیہ مہم کے دوران روایتی طریقے سے ہٹ کر جدید ٹول استعمال کر کے پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جائے گا۔کمشنر نے بتایا کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں پانچ سال تک کی عمر کے 13لاکھ 97ہزار 523بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیںگے۔

محکمہ صحت کی جانب سے 8 ہزار 474 ٹیمیں ترتیب دی گئی ہیں جن میں 3302 موبائل ‘ 407 مستقل اور 201 ٹرانزٹ ٹیمیں ہیں ۔ ضلع سرگودہا میں 6 لاکھ 29ہزار 917 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے 1451 موبائل ‘198مستقل ‘75 ٹرانزٹ اور 15 موبائل ٹیمیں کام کر رہی ہیں ۔ خوشاب ضلع میں دو لاکھ ایک ہزار ‘524 بچوںکیلئے 591 ‘ میانوالی میں دو لاکھ 63 ہزار 15 بچوں کیلئے 772 جبکہ ضلع بھکر میں تین لاکھ دو ہزار 986 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے 808 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔