بھارت نے کشمیر پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ثالثی پیشکش رد کردی

جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور ہمیشہ رہے گا. بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کی ہرزہ سرائی

پیر 17 فروری 2020 23:42

بھارت نے کشمیر پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ثالثی پیشکش رد کردی
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2020ء) بھارت نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشمیر کے تنازع پر ثالثی کی پیش کش کو رد کر دیا ہے بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی توجہ پاکستان کی جانب سے غیر قانونی اور طاقت کے زور پر قبضہ کیے گئے علاقوں پر ہونی چاہیی.

بھارت کی طرف سے یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس چار روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں انہوں نے وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ اتوار کو پریس کانفرنس کے دوران کشمیر کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کو تنازع کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کی تھی.انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورتِ حال پر انہیں تشویش ہے اگر دونوں ملک ثالثی پر رضا مند ہو جائیں تو وہ مدد کے لیے تیار ہیں.

انتونیو گوتریس کے بیان پر بھارت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور ہمیشہ رہے گا اس پر بھارت کی پوزیشن تبدیل نہیں ہوئی.انہوں نے کہا کہ جس مسئلے پر بات کرنے کی ضرورت ہے وہ پاکستان کے زیر قبضہ علاقوں کا ہے جہاں غیر قانونی طور پر اور طاقت کے بل بوتے پر قبضہ کیا گیا ہے ترجمان نے کہا کہ اگر کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی مذاکرات ہونے ہیں تو وہ باہمی سطح پر ہوں گے۔

(جاری ہے)

کسی تیسرے فریق کو اس میں ثالث بننے کی ضرورت نہیں ہی.رویش کمار نے امید ظاہر کی کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی طرف سے ہونے والی سرحدی دہشت گردی کو روکنے کے لیے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان پر زور دیں گے انہوں نے پاکستان پر دہشت گردی کا الزام دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی وجہ سے سرحد کے اس طرف جموں و کشمیر اور بھارت میں انسانی زندگی کو خطرات لاحق ہیں.یاد رہے کہ بھارت کی حکومت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے وہاں مختلف پابندیاں عائد ہیں جس پر مختلف ملکوں نے تشویش کا اظہار کیا تھابھارتی حکومت جموں و کشمیر سے متعلق اپنے آئین کے آرٹیکل 370 کے خاتمے کو اندرونی معاملہ قرار دیتی ہی.