ملکی معیشت میں بہتری آنے کے آثار، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہونا شروع

گزشتہ سال کے آخری ماہ دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9.66فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

منگل 18 فروری 2020 00:24

ملکی معیشت میں بہتری آنے کے آثار، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہونا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 فروری2020ء) ملکی معیشت میں بہتری آنے کے آثار، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہونا شروع، گزشتہ سال کے آخری ماہ دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9.66فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9.66فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ نومبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 16.4فی صد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق خوراک اور مشروبات سیکٹر میں 41.57فیصد، ٹیکسٹائل سیکٹر میں 50فیصد ، پیپر اینڈ بورڈ کی صنعت میں 33.4فیصد، چمڑے کی صنعت میں 16.1فیصد، فارما سیکٹر میں 2.83 فیصد جب کہ الیکٹرونکس میں 15.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری طرف آٹو سیکٹر میں 28، انجینئرنگ پروڈکٹس 10، آئرن اینڈ اسٹیل میں 3.7 فیصد کمی ہوئی، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں صنعتی پیداوار میں 3.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

جہاں ملک کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کچھ اضافہ ہونا شروع ہوا ہے، وہیں دوسری جانب آئی ایم ایف نے بھی ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت خبر دی ہے۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مالیاتی خسارہ کم ہوگیا ہے۔ پاکستان کی معیشت میں بہتری توقعات سے بڑھ کرہے۔ پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہیں، پاکستان میں مہنگائی کم ہوجائے گی۔ مہنگائی میں ڈالر کے ایکسچینج ریٹ کے اثرات کم ہونا شروع ہوئے ہیں۔