ڈینگی بخار کے پھیلائو کا موجب بننے والے مچھر کے خاتمہ کیلئے عوامی آگاہی مہم کا آغاز

منگل 18 فروری 2020 13:34

ڈینگی بخار کے پھیلائو کا موجب بننے والے مچھر کے خاتمہ کیلئے عوامی آگاہی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) ڈویژنل کمشنر فیصل ۱ٓباد عشرت علی کی خصوصی ہدایت پر فیصل آباد سمیت ڈویژن کے دیگر اضلاع جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اورچنیوٹ میں ڈینگی بخار پھیلانے والے خطرناک وائرس اور مچھر کے خاتمے کیلئے مؤثر اندازمیں عوامی آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرزصاحبان اپنے اپنے اضلاع میںسیمینارز،سٹکرز،پوسٹرز،سٹیمرز،اعلانات،پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے ذریعے عام شہریوں میں ڈینگی سے متعلق بیداری مہم کی نگرانی کرینگے نیز محکمہ صحت اور دیگر محکمے فعال ومربوط کو ششوں اور رابطے کے ذریعے اس مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے کردارادا کرینگے۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے منگل کے روز اے پی پی کو بتایا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں ڈویژن بھر میں ڈینگی وائرس کے خاتمے کی مہم کے سلسلہ میں اضلاع کی طرف سے کئے گئے پیشگی انتظامات کا جائزہ شروع کردیاگیاہے تاکہ اس ضمن میں پیشگی حفاظتی ، تدارکی ، احتیاطی اقدامات مکمل رکھے جاسکیں۔

(جاری ہے)

۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار کی ہدایات کے تحت ڈینگی مچھر پھیلانے والے لاروا کے خاتمے، سپرے اور تشہیری مہم کی حکمت عملی اور اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کے متعلق کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔انہوںنے کہاکہ تمام حکام سے کہاگیاہے کہ وہ ڈینگی وائرس کے خاتمہ کیلئے کسی قسم کے تساہل اور تعطل کا مظاہرہ نہ کریں۔