وزیراعظم نے صحافی عزیز میمن کے قتل کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم عمران خان نے آئی جی سندھ سے 72 گھنٹوں کے اندر رپورٹ طلب کر لی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 18 فروری 2020 15:50

وزیراعظم نے صحافی عزیز میمن کے قتل کا نوٹس لے لیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-18فروری2020ء) وزیراعظم عمران خان نے صحافی عزیز میمن کے قتل کا نوٹس لے لیا ہے۔انہوں نے آئی جی سندھ کو 72 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صحافی عبدالعزیز میمن کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آئی جی سندھ سے 72 گھنٹوں کے اندر رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اس سے قبل وفاقی وزبرائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چیف جسٹس پاکستان سے سندھی صحافی عزیز میمن کے قتل کا نوٹس لینے کی درخواست کی تھی۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ قتل کیے گئے سندھی صحافی عزیز میمن نے اپنی موت سے پہلے سندھ کی حکمران جماعت پر الزام لگائے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) کو صحافی عزیز میمن کی قتل تحقیقات کرنی چاہئیں۔وفاقی وزیر نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد سے بھی قتل کا ازخود نوٹس لینے کی درخواست کی۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے محراب پور میں صحافی عزیز میمن کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزیز میمن کے قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت اور منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عزیز میمن کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں، ہر مقتول کے ورثاء کا غم میں سمجھ سکتا ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صحافیوں کی تحفظ کے معاملے پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ پر پیپلز پارٹی کا ہمیشہ واضح مؤقف رہا ہے۔خیال رہے کہ قتل ہونے والی عزیز میمن نے بلاول بھٹو کے جلسے میں کرائے پر لائے جانے والے لوگوں کو بے نقاب کیا تھا جس کے بعد انہیں مسلسل دھمکیاں مل رہی تھیں۔