ضلع بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو کارکردگی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر بھجوانے کی ہدایت

بدھ 19 فروری 2020 17:20

سرگودھا ۔19فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) ڈپٹی کمشنر سرگودہا عبداللہ نیئر شیخ نے ضلع بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنروںکی سرکاری واجبات کی وصولی اب تک کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ریونیو وصولی کا روزانہ کی بنیاد پر اجلا س طلب کرکے اپنی کارکردگی رپورٹ ان کے دفتر بھی روزانہ بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوںنے ریونیو افسران کو پندرہ دنوںمیں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ضلع ہیڈ کورٹرز پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس طلب کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوںنے نادہندگان کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرنے اور انہیںگرفتار کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تحصیل دفاتر کے حوالات نادہندگان سے بھرے نظر آنے چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوںنے ریونیو وصولی میں ناقص کارکردگی کے حامل نمبردارں کو فارغ کرنے جبکہ پٹواریوںکے تبادلوں کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ وہ سرکاری واجبات کی وصولی کے جائزہ اجلاس ے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی بلال فیروز جوئیہ کے علاوہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں اور متعلقہ ر یونیو افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کے ریونیو سمیت تمام سرکاری اداروں خالی آسامیوںکی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔

انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹرز کے سربراہان کی کارکردگی پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو اپنا قبلہ درست کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے سرکاری اداروں کے تمام نادہندگان کی فہرستیں بھی طلب کر لی ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے عدالتی حکم امتناعی پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنروں کی طرف سے پیروی نہ کرنے پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام عدالتی مقدمات کی تفصیلات بھی فوری طلب کر لی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سرکاری واجبات کی وصولی ریونیو افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے او را س ضمن میں ناقص کارکردگی کے حامل افسران کے خلاف ضابطہ کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔ اجلاس میں واٹر ریٹ کرنٹ‘ بقایاجات‘تاوان ‘ زرعی انکم ٹیکس کرنٹ ‘ بقایاجا ت لینڈ ریونیو‘ انتقالات فیس ‘ لگان او رسٹیمپ ڈیوٹی کی وصولی کا تفصیلا جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کے عدالتی کیسز کابھی جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کیسوں کے جلد فیصلے کئے جائیں۔

پیشی پرپیش نہ ہونے والے فریقین کے خلاف یک طرفہ فیصلے کئے جائیں ۔ اسسٹنٹ کمشنرز چھوٹی تاریخیں دیں اور ہفتہ میں کم از کم دو روز عدالتیں ضرور لگائیں ۔ اجلاس میں ایف بی آر ریکوری او رریونیو اداروں کے آڈٹ کیسز کی تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔اجلاس میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن سنٹرز کی کارکردگی کے جائزہ کے دوران بتایاگیا کہ ضلع کے 849کل مواضع جات میں سے 796کے نوٹیفکیشن جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ 812 ڈسپلے کئے گئے ہیں ۔

سرگودہا کی تمام تحصیلوں سے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جبکہ تحصیل سرگودہا میں بھاگٹانوالہ او رمٹھہ لک میں نئے اراضی ریکارڈ سنٹرز رواں ماہ کے اند رکام شروع کر دیںگے ۔ ڈپٹی کمشنر نے زیر التوا مواضعات کے ایشوز کو حل کرنے کیلئے پٹواریوں کی سنٹرز پر روزانہ ڈیوٹی لگانے کی بھی ہدایت کی ۔اجلاس میں بینکوں کی جانب سے چھ ماہ کیلئے بغیر سود کے زرعی قرضہ کیلئے کاشتکاروں کی رجسٹریشن کا بھی تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔

ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کے انشیٹو فائل ٹریکنگ سسٹم کے تحت سائلین کی آن لائن شکایات کا جائزہ بھی لیاگیا ۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ ڈی سی دفتر میں قائم فائل ٹریکنگ پر اب تک مختلف محکموں کے بارے 202شکایات وصول ہوئی ہیں جن میں سے 46کو حل کر لیاگیا جبکہ دیگر شکایات بھی مقررہ مدت کے اندر نمٹا دی جائیں گی ۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنروں کو فائل ٹریکنگ سسٹم کے تحت وصول شکایات پر جلد رپورٹس مرتب کر کے ان کے دفتر بھجوانے کی بھی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :