سلمان اقبال نے پاکستان کے پہلے مصنوعی ساحل اور لاگونا ریزورٹ بنانے کا اعلان کردیا

ہم نے پاکستان میں 4 اہم چیزوں کو لانے کا فیصلہ کیا تھا، یہ سوچا گیا تھا کہ پاکستان میں ریزورٹ ہاؤسنگ دی جائے، ایسی رہائش موجود ہو جہاں دنیا دیکھنے آئے اور ہمارے بچے وہاں اسکول جاسکیں: کراچی کنگز کے مالک کا بیان

Usama Ch اسامہ چوہدری بدھ 19 فروری 2020 21:11

سلمان اقبال نے پاکستان کے پہلے مصنوعی ساحل اور لاگونا ریزورٹ بنانے ..
کراچی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین 19 فروری 2020) سلمان اقبال نے پاکستان کے پہلے مصنوعی ساحل اور لاگونا ریزورٹ بنانے کا اعلان کردیا، سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان میں 4 اہم چیزوں کو لانے کا فیصلہ کیا تھا، یہ سوچا گیا تھا کہ پاکستان میں ریزورٹ ہاؤسنگ دی جائے، ایسی رہائش موجود ہو جہاں دنیا دیکھنے آئے اور ہمارے بچے وہاں اسکول جاسکیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کی لانچنگ تقریب کا انعقاد گالف کلب میں ہوا، اس تقریب میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز، گورنر سندھ عمران اسماعیل، میئر کراچی وسیم اختر سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ مذکورہ تقریب میں سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان میں 4 اہم چیزوں کو لانے کا فیصلہ کیا تھا، یہ سوچا گیا تھا کہ پاکستان میں ریزورٹ ہاؤسنگ دی جائے، ایسی رہائش موجود ہو جہاں دنیا دیکھنے آئے اور ہمارے بچے وہاں اسکول جاسکیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ ہم نے سوچا ہے کہ کیا ہم ریزورٹ سائیڈ کے لیے پانی کو لاسکتے ہیں، ہم نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر گفتگو کی تھائی لینڈ، دبئی جیسے پروجیکٹ کیا نہیں لائے جا سکتے، تاہم یہ سوچا گیا کہ پانی کے پاس نہیں جاتے بلکہ پانی کو اپنے پاس لے آتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پروجیکٹ میں استعمال ہونے والا 80 فیصد سامان پاکستان کا بنا ہوا ہو گا، مذکورہ منصوبے کے ذریعے سے روزگار کے بہت سے مواقع بھی میسر آئیں گے، ہم پاکستان میں دنیا کی جدید ٹیکنالوجی لائینگے، پاکستان ناصرف ٹیکنالوجی میں آگے بڑھے گا بلکہ اسکے مالی خسارے میں بھی کمی آئے گی۔

خطاب کرتے ہوئے کراچی کنگز کے مالک کا کہنا تھا کہ خواب کی تعبیر ہوجائے تو اللہ کا احسان ماننا چاہئے، ایسے بہت سے خواب ہمارے بزرگوں نے بھی دیکھے۔ انھوں نےمزید کہا کہ پی ایس ایل کے بارے میں کہا جاتا تھا مشکل ہے کامیاب نہیں ہوسکے گا، آج سب دیکھ رہے ہیں پی ایس ایل سب سے کامیاب ہو گیا ہے، اس مرتبہ تمام غیرملکی کھلاڑی پاکستان آکر کھیل رہے ہیں۔