سائبرنائف ٹیکنالوجی کا دوسرا یونٹ جناح اسپتال کراچی میں قائم

جناح اسپتال میں کینسر کے علاج کیلیے کوئی فیس نہیں لی جاتی،پروفیسرطارق محمود

جمعہ 21 فروری 2020 14:14

سائبرنائف ٹیکنالوجی کا دوسرا یونٹ جناح اسپتال کراچی میں قائم
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2020ء) سرطان کے علاج کے لیے دنیا کی مہنگی ترین سائبر نائف ٹیکنالوجی کا دوسرا یونٹ بھی جناح اسپتال میں قائم کردیا گیا۔دنیا میں سائبر نائف روبوٹک سرجری وعلاج کی صرف 350مشینیں موجود ہیں نیا سائبر نائف ٹیکنالوجی یونٹ ساٹھ کروڑ روپے میں خریدا گیا پاکستان میں سائبر نائف ٹیکنالوجی علاج صرف سندھ میں دستیاب ہے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کا سائبر نائف اب تک8 ہزار سے زائد مریضوں کو مفت علاج فراہم کرچکا ہے۔

دنیا بھر میں کینسر کے علاج کے لیے سائبرنائف ٹیکنالوجی کی مد میں نوے ہزار سے ایک لاکھ ڈالر لیے جاتے ہیں جناح اسپتال میں کینسر کے علاج کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جاتی جے پی ایم سی کے سائبر نائف یونٹ میں دنیا کے بارہ ممالک اور 135شہروں سے مریض مفت علاج حاصل کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

سائبر نائف روباٹک ریڈیالوجی کا نیا یونٹ قریبا چار اعشاریہ ایک ملین ڈالر کی لاگت سے قائم کیاگیا ہے اس سے قبل بھی دوہزار بارہ میں سندھ حکومت اور مریض بہبود فانڈیشن نے سائبر نائف روباٹک یونٹ قائم کیا تھا، جناح اسپتال میں قائم ہونے والے سائبر نائف روباٹک سرجری یونٹ نے اب تک دنیا بھر کے 8000سے زائد کینسر کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی ہے۔

جناح اسپتال کے ہیڈ آف سائبر نائف وشعبہ ریڈیالوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرطارق محمود نے بتایا کہ کینسر کے مریضوں کی تعداد میں اضافے اور اس مرض کے پیچیدہ اور مہنگے علاج کے لیے دنیا بھر سے لوگ یہاں آتے ہیں۔سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے جناح اسپتال میں دوسرے سائبر نائف روبوٹک یونٹ کے آپریشنل ہونے کو سندھ حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے لیے حکومت سندھ پرعزم ہے۔