وزیراعظم کا کل بیرون ملک روانہ ہونے کا فیصلہ

عمران خان اسلام آباد سے قطر کیلئے روانہ ہوں گے، دوحہ میں امیر قطر تمیم بن حمد سے خصوصی ملاقات ہوگی

muhammad ali محمد علی بدھ 26 فروری 2020 20:19

وزیراعظم کا کل بیرون ملک روانہ ہونے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26فروری2020ء) وزیراعظم کا کل بیرون ملک روانہ ہونے کا فیصلہ، عمران خان اسلام آباد سے قطر کیلئے روانہ ہوں گے، امیر قطر سے خصوصی ملاقات ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کل بیرون ملک جا رہے ہیں۔ وزیر خارجہ کا بتانا ہے کہ وزیراعظم کل بروز جمعرات کو اسلام آباد سے قطر کیلئے روانہ ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ قطر کے دورے کے دوران عمران خان امیر قطر تمیم بن حمد سے خصوصی ملاقات کریں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ قطر افغان امن معاہدے کے سلسلے میں ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز قطری سفیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 29 فروری کو دوحہ میں امریکہ طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی خصوصی دعوت دی تھی۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے قطری سفیر صقر بن مبارک نے دفترخارجہ میں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیر خارجہ کو دوحہ میں امریکا طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں قطری ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ جناب شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی کی جانب سے شرکت کی دعوت دی ۔

قطری سفیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو خصوصی دعوت نامہ پیش کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، امریکہ طالبان معاہدے سے متعلق اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے۔ پاکستان کا ہمیشہ سے مؤقف رہا ہے کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان اور قطر کا کلیدی کردار ہے۔ آ ج دنیا پاکستان کا مؤقف تسلیم کر رہی ہے۔ پاکستان پرامید ہے کہ امن معاہدے پر دستخط انٹرا افغان مذاکرات کی طرف لے جائیں گے۔