پاکستان میں کرونا وائرس کے دو مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے ،دونوں کا علاج جاری ہے

عوام پریشان ہونے کی بجائے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں ، حکومت نے وائرس کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں، پوری کوشش ہے کرونا پاکستان میں وبائی شکل اختیار نہ کرے،میڈیا غلط خبریں پھیلا کر لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے سے گریز کرے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی وزیر اعلی بلوچستان کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 27 فروری 2020 00:05

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے دو مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے، ایک مریض کا تعلق سندھ اور دوسرے کا فیڈرل ایریا سے ہے، دونوں کیسز کا تعلق ایران کے سفر کے ساتھ ہے، دونوں مریضوں کا حفاظتی اقدامات کے تحت علاج جاری ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس حوالے سے ایک پیج پر ہیں، عوام علامات ظاہر ہونے کی صورت میں طبی معالج یا ہماری ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں، وائرس کے حوالے سے عوام کو پریشان اور گھبرانے کی بجائے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے، حکومت نے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں اور ہماری پوری کوشش ہے کہ وائرس پاکستان میں وبائی شکل اختیار نہ کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیر اعلی بلوچستان کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دو افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ایک کا تعلق سندھ اور دوسرے کا فیڈرل ایریا سے ہے اور دونوں نے حالیہ دنوں میں ایران کا سفر کیا تھا، دونوں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات دی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ قوم کو گھبرانے اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، عوام صرف احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام وائرس سے متعلق زکام، کھانسی بخار یا درد کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں ڈاکٹرز سے رجوع کریں یا ہیلپ لائن 1166 پر معلومات شیئر کریں جبکہ چین اور ایران سے آنے والے افراد فوری طور پر ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔ معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ کرونا وائرس چین، ایران، افغانستان اور بھارت میں پہلے ہی پھیل چکا ہے، حکومت کے بروقت اور موثر اقدامات کی وجہ سے یہ وائرس تاخیر سے یہاں پہنچا ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کی وجہ سے یہ وبائی شکل اختیار نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس حوالے سے ایک پیج پر ہیں اور ہم مل کر پاکستان اور عوام کو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر میں ذاتی طور پر روزانہ کی بنیاد پر عوام کو معلومات فراہم کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا میڈیا غلط اور غیرمصدقہ خبریں پھیلا کر لوگوں کو خوف و ہراس کرنے سے گریز کرے، امید ہے کہ میڈیا اس موقع پر پاکستان کو محفوظ بنانے میں اور بیماری کے پھیلائو کو روکنے کیلئے مثبت کردار ادا کرے گا۔