نواز شریف وعدہ کر کے گئے اب واپس آ جائیں ،موجودہ حکومت نے کسی کے خلاف کیسز نہیں بنائے ،موثر خارجہ پالیسی کی بدولت تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

جمعرات 27 فروری 2020 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق ایسا ماحول بنایا گیا تھا جس کی وجہ سے حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، ن لیگ کے قائد وعدہ کر کے گئے تھے اس لئے اب انہیں واپس آ جانا چاہیے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کسی کے خلاف کیسز نہیں بنائے، پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں میں ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے اور نیب ان کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی طاقتور شخص کو سزا نہیں دی گئی، موجودہ حکومت احتساب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئی تھی، حکومت اپنے موقف پر قائم ہے اور ملک سے بدعنوانی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلم کش فسادات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ شہباز گل نے کہا کہ گزشتہ برس بھارت کی اوچھی حرکت کے بعد مسلح افواج، قوم، میڈیا اور سیاستدانوں نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ، پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اپنے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں پاکستان کی تاریخ کی بدترین خارجہ پالیسی تھی ، موجودہ حکومت کی موثر خارجہ پالیسں کی بدولت تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار اور مضبوط تعلقات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کیلئے ان کی صحت سے متعلق غلط بیانی کی گئی، وہ ابھی تک کسی ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے، وہ لندن میں انجوائے کرنے کے ساتھ ساتھ خفیہ ملاقاتیں اور پارٹی میٹنگز کر رہے ہیں، ن لیگی رہنمائوں کو چاہیے کہ نواز شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس پنجاب حکومت کے پاس جمع کرائیں۔