سابق عظیم غیر ملکی کرکٹرز کی وزیراعظم سے ملاقات ، پاکستان آنے پر شکریہ ادا کیا

ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ،عمران خان نے کرکٹرز سے خیریت دریافت کی ، پرانی یادیں تازہ کیں پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لیے غیرملکی کرکٹرز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، عمران خان

جمعرات 27 فروری 2020 23:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2020ء) وزیراعظم عمران خان سے سابق عظیم کرکٹرز کی ملاقات ، سر ویوین رچرڈز ، شین واٹسن اور کریگ چیپل جو پی ایس ایل فائیو کیلئے پاکستان میں موجود ہیں اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی ، عمران خان نے لیجنڈز کرکٹرز کا پاکستان آنے پر شکریہ ادا کیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے سابق ویسٹ انڈین عظیم کرکٹر سر ویوین رچرڈز، آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن اور سابق آسٹریلین کرکٹر گریگ چیپل نے ایوان وزیر اعظم میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے پاکستان آنے پر کرکٹ لیجنڈز کا شکریہ ادا کیا۔دوران گفتگو وزیر اعظم نے کرکٹرز سے خیریت دریافت کی اور پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور عمران خان اور ویوین رچرڈز نے پرانے دور کی یادوں کو تازہ کیا۔ویوین رچرڈز نے کہا کہ جب عمران خان کپتان تھے تو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ ہمیشہ بہت دلچسپ ہوتے تھے اور پاکستان میں کرکٹ دوبارہ بحال ہوتے ہوئے دیکھنا انتہائی خوش آئند ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لیے غیرملکی کرکٹرز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔