ڈپٹی کمشنر کا سبزی منڈی سدھار کا دورہ ، پھلوں و سبزیوں کی نیلامی کا جائز ہ لیا

جمعرات 27 فروری 2020 23:33

فیصل آباد 27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) :ڈپٹی کمشنر محمد علی اورسی پی او کیپٹن(ر) سہیل چوہدری نے سبزی منڈی سدھار کا دورہ کیا اور مختلف شیڈز میں جا کر بعض پھلوں وسبزیوں کی بولیوں کے عمل کاجائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر (صدر)عمر مقبول،ایکسٹرااسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت عبدالرحمن اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے پھلوں وسبزیوں کی دستیابی اور ان کی تھوک کے حساب سے فروخت کے لئے دی جانے والی نیلامیوں کا بغور جائزہ لیااورآڑھتی حضرات سے کہا کہ عام صارفین کے لئے مشکلات پیدا نہ کی جائیں۔انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران سے کہا کہ وہ سبزیوں وپھلوں کی سپلائی پر گہری نظر رکھیں اور کسی شے کی قلت کی صورت میں سپلائی کے فوری اقدامات کریں تاکہ قیمتیں بڑھنے کا خدشہ نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کسان پلیٹ فارمز پر کاشتکاروں کے لئے دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور تمام تر انتظامات کو ہمہ وقت برقرار رکھنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ سبزی منڈیوں کے باقاعدگی سے دوروں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ پھلوں وسبزیوں کی بولیوں کے عمل کی انسپکشنز کرکے قیمتوں کو اعتدال میں رکھا جاسکے۔سی پی اونے سبزی منڈی میں سیکورٹی امورکاتفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ پولیس افسران کو آڑھتیوں وخریداروں کے تحفظ کے لئے گشت بڑھانے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ نیلامیوں کے اوقات میں پولیس ڈیوٹی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :