کرونا وائرس کا ممکنہ پھیلاؤ‘ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی صدارت میں صوبائی سٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس

جمعہ 28 فروری 2020 00:16

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کیپٹن ریٹائرڈ محمد خرم آغا ء کی صدارت میں صوبائی سٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں یہ بات زیر غور آئی کہ بعض ٹی وی چینلز پر گلگت بلتستان میں کرونا وائرس پھیلنے کے بارے میں گمراہ کن خبریں چل رہی ہیں جو کہ حقائق کے برعکس ہیں۔

محکمہ صحت گلگت بلتستان کے زمہ داران نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ کوئی مریض نہیں ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایران سے واپس آنے والے زائرین اور ہمسایہ ملک چین کا سفر کرکے واپس آنے والے افراد کو اسلام آباد میں مکمل سکریننگ کے بعد ہی گلگت بلتستان واپس آنے کی اجازت دی جائے گی، ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے گلگت بلتستان کے انٹری پواینٹس پر سکریننگ کا نظام قائم کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گلگت ائرپورٹ اور سکردو ایئرپورٹ پرخصوصی طور پر تعینات ڈاکٹرز، سول ایوی ایشن کا عملہ اور ضلعی انتظامیہ کا عملہ اسلام آباد سے آنے والے مسافروں کی جانچ پڑتال کرے گا۔ شاہراہ قراقرم پر بھی راولپنڈی اور ملک کے دیگر علاقوں سے آنے والے مسافروں کی مکمل سکریننگ کی جائے گی۔ کسی بھی مشتبہ مریض کی نشاندہی ہونے کی صورت میں ان مریضوں کو فوری طور پر متعلقہ علاقے میں قائم خصوصی آئسولیشن وارڈز میں منتقل کیا جائے گااور ان کی مکمل طبی دیکھ بھال کی جائے گی۔

اجلاس میں محکمہ صحت کے زمہ داران نے بتایاکہ گلگت میں دنیور ہسپتال اور بسین ہسپتال میں خصوصی آئسولیشن وارڈز قائم کیے جا چکے ہیں، سی ایم ایچ، آغاخان میڈیکل ہسپتال، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کرونا کے مشتبہ مریض سامنے آنے کی صورت میں ان مریضوں کو فوری طور پر بسین یا محمد آباد دنیور میں واقع خصوصی آئسولیشن سنٹر ز منتقل کیا جائے گا اور ان کے خون اور دیگر نمونے معائنے کے لئے فوری طور پر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد بھجوائے جائیں گے تاکہ مزید پڑتال کی جاسکے۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو آگاہ کیا گیا کہ بلتستان میں بھی گمبہ میں قائم بینظیر شہید میموریل ہسپتال میں خصوصی آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیامر میں چلڈرن ونگ میں علیحدہ سے آئسولیشن وارڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے۔ ہنگامی بنیادوں پر ان وارڈز کے لیے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو پرسنل پروٹیکشن کٹ بھی مہیا کر دی گئی ہے۔

ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ صحت سمیت تمام ریجن ڈائریکٹر ہیلتھ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی اور تمام اضلاع میں جاری تیاریوں کے بارے میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو آگاہ کیا سٹئیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں آئی جی گلگت بلتستان ڈاکٹر مجیب الرحمن خان سمیت سیکریٹری داخلہ چوہدری محمد علی رندھاوا، سیکریٹری سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن ظفر وقار تاج، سیکریٹری تعلیم اختر حسین رضوی، سیکریٹری اطلاعات فدا حسین سمیت دیگر تمام اداروں کے انتظامی سربراہان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں مرض پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اورڈاکٹر شاہ زمان کوفوکل پرسن مقرر کردیا گیا۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے محکمہ صحت کے زمہ داران کو سختی سے ہدایت کہ اس سلسلے کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور بروقت تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کہ کہ وائرس کیسز کی تشخیص کے لیے محکمہ صحت ضروری مشینوں اورحفاظتی کٹس کی خریداری بھی ہنگامی طور پر مکمل کرے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو 29فروری تک بند رکھا جائے گا۔