قومی سلامتی اولین ترجیح ہے،اداروں کو مستحکم بنانا ضروری ہے ،سیاسی جماعتیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھیں اور کارکنوں کو دھوکہ نہ دیں ، شہباز شریف کی صحت اچھی ہے فوراً ملک واپس آئیں ،سب کو مل جل کر کرونا وائرس کا مقابلہ کرنا چاہئے

وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 27 فروری 2020 23:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ قومی سلامتی ریاست کی اولین ترجیح ہے اور ملک اور جمہوریت کے امور احسن طور نبھانے کے لئے اداروں کو مستحکم بنانا ضروری ہے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قومی اداروں کے استحکام کے لئے حکومت اور اپوزیشن کو غیر مشروط طور پر مل بیھٹنا چاہیے۔

ندیم افضل چن نے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ سیاسی جماعتوں نے کئی عشروں تک ملک پر حکمرانی کی مگر وہ اداروں کو مضبوط بنانے میں ناکام رہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنی ماضی کی غلطیوں سے سیکھیں ۔ایک سوال کے جواب میں ندیم افضل چن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ اپنے کارکنوں کو دھوکہ دیں انہوں نے کہا اگر نواز شریف بیمار ہیں تو لیڈر آف اپوزیشن شہباز شریف کی صحت اچھی ہے جسے فوری طور پر ملک واپس آنا چاہیے، وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے اور قانون کی حکمرانی پر پوری طرح عمل درآمد ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ ذاتی تشہیر کے لئے عوام کا پیسہ استعمال نہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال پر ندیم افضل چن نے کہا کہ ہم سب کو مل جل کر کرونا وائرس کا مقابلہ کرنا چاہیے اورعوام میں پریشانی نہیں پھیلانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ چین کے لئے یہ ایک مشکل وقت ہے اور آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے آزمودہ دوست کے ساتھ کھڑا ہے جس پر چینی صدر نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے اظہار تشکر کیا ہے ۔