چینی شخص کو صرف اپنی نیند لائیو سٹریم کرنے پر ہی انٹرنیٹ پر کامیابی مل گئی۔

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 27 فروری 2020 23:54

چینی شخص کو صرف اپنی نیند لائیو سٹریم کرنے پر ہی انٹرنیٹ پر کامیابی ..

چینی سٹریم پلیٹ فارم  ڈؤین پر ایک شوقیہ اداکار کو  صرف  اپنی نیند لائیو سٹریم کرنے پر شہرت مل گئی ہے۔ یہ شوقیہ اداکار سوتے ہوئے خود کولائیو سٹریم کرتا ہے تو  لاکھوں لوگ انہیں دیکھتے ہیں۔
انٹرنیٹ پر یوانسان کے نام سے مقبول  ایک شخص نے 9 فروری کو سوتے ہوئے اپنے بستر کے ساتھ کیمرہ لگایا  اور خود کو لائیو سٹریم کرنا شروع کر دیا۔ وہ اپنے دوستوں سے تصدیق کرنا چاہتے تھے کہ کیا وہ سوتے ہوئے خراٹے لیتے ہیں۔

صبح جب وہ جاگے تو حیران رہ گئے۔ گزشتہ رات انہیں  لاکھوں لوگوں نے دیکھا تھا اور اُن کے چینل کے فالورز کی تعداد میں ایک ہی رات میں 8 لاکھ کا اضافہ ہو چکا تھا۔حیرت انگیز کامیابی کے بعد انہوں نے کئی بار مزید سوتے ہوئے خود کو لائیو سٹریم کیا، جس سے اُن کے ویوز کی تعداد 18.5 ملین اور فالورز کی تعداد ایک ملین تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

یوانسان نے اپنے فالورز کو  کئی طرح کا مواد دکھانے کی پیش کش کی ہے لیکن سب ہی انہیں سوتے ہوئے دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ بوریت محسوس کر رہے تھے، اس لیے انہوں نے  خود کو سوتے میں لائیو سٹریم کرنا شروع کر دیا۔ اُن کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ صارفین اُن سے بھی  زیادہ بور لگتے ہیں۔اُن کا کہنا ہے کہ اب وہ مزید سوتے ہوئے خود کو لائیو سٹریم کرنا نہیں چاہتے ۔
بدقسمتی سے یوانسان نے جب بھی اپنی اداکاری کے مختصر کلپ اپ لوڈ کیے، ان کے فالورز نے اُن سے پوچھنا شروع کر دیا کہ وہ دوبارہ کب سوئیں گے۔

یوانسان کا کہنا ہے کہ اُن کے فالورزکسی بھی وقت انہیں سونے کےلیے کہتے ہیں۔ ایک بار انہوں نے فالورزکی درخواست کو مسترد کیا تو  لائیو سٹریم   پر 50 ہزار دیکھنے والے کم ہو گئے۔
یوانسان نے تسلیم کیا کہ اُن کی انٹرنیٹ پر کامیابی نے انہیں مالی فائدہ بھی پہنچایا ہے۔ اُن کے ویورز نے انہیں 76 ہزار یوان یا 11 ہزار ڈالر کے ورچوئل گفٹس بھی دئیے ہیں۔
یوانسان کی کامیابی میں کورونا وائرس کی وبا کا بھی عمل دخل ہے۔ اس وباکے باعث کروڑوں افراد  اپنے گھروں تک محدود ہو گئے ہیں اور تفریح کے نئے ذرائع کی تلاش میں رہتےہیں۔چین میں ان دنوں دوسروں کو سوتے ہوئے دیکھنا بھی ایک تفریح ہے۔

متعلقہ عنوان :