زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور دنیا کے سب سے بڑے انکیوبیٹر آئیڈیاجسٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پیر 2 مارچ 2020 16:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2020ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور دنیا کے سب سے بڑے انکیوبیٹر آئیڈیاجسٹ نے ملک میں اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے فروغ کے لیی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس اقدام کا مقصد وزیر اعظم اسٹارٹ اپ پروگرام کو فروغ دینا ہے جو انٹراپنیورشپ ایکو سسٹم کی تعمیر کے لئے جلد شروع کیا جائے گا۔

آئیڈیا جسٹ وزیراعظم اسٹارٹ اپ پروگرام کا کلیدی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو کہ سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے تھرڈ ، فائنل ایئراور فارغ التحصیل طلباء کو آن لائن انٹرپرینیورشپ ٹریننگ فراہم کرے گا۔آئیڈیا جِسٹ کے بانی حسن سیّد کے مطابق"یہ معاہدہ یقینی طور پر ملک میں انٹراپنیور شت کلچر کو فروغ دے گا جس کے لئے ہم سب کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین میمن صحرائی کے مطابق آئیڈیا جسٹ نے وزیر اعظم کے اسٹارٹ اپ پاکستان پروگرام کے لیے خطیر رقم کا وعدہ کیا ہے جو کہ انٹراپنیورشپ ایکو سسٹم کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔

فریقین نے جدت طرازی میں باہمی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے بتایا کہ جامعات، ٹیکنیکل اداروں اور مدارس سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات ، محققین اور صنعتوں کے باہمی تعاون میں اضافے کے لئے ایک پورٹلwww.empowerpakistan.org تیار کیا گیا ہے تاکہ جدت طرازی سے چلنے والے کاروباری اداروں کی ترقی کی حوصلہ افزائی ہو۔ اس سے سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے طلباء کو سرمایہ کاروں کے عالمی نیٹ ورک سے مربوط کرکے سپورٹ بزنس انکیوبیشن سنٹر ورکشاپس ، ون آن ون مانٹرنگ اور کاروباری عوامل کے رہنما خطوط بھی پیش کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئیڈیا جسٹ سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور طلبہ کو نیشنل انویسٹمنٹ پورٹل اور نیشنل انوویشن شوکیس تک رسائی حاصل کرنے میں مدد فراہم کرے گا جس کی مدد سے وہ اپنے اسٹارٹ اپس کی نمائش اور اس کے لئے سرمایہ کاری حاصل کرسکیں گے۔