فصل ربیع کیلئے 30ہزاراور فصل خریف کیلئے 50ہزار روپے فی ایکڑ بلا سود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں، ترجمان محکمہ زراعت

بدھ 4 مارچ 2020 19:14

ملتان ۔04مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2020ء) حکومت پنجاب کی طرف سے 49ارب روپے کے بلا سود قرضوں کی چھوٹے کاشتکاروں کو فراہمی کے بعد سال 2019-20میں بھی زرعی قرضوں کی فراہمی جاری ہے۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق رواں سال فصل ربیع کیلئے 30ہزار روپے فی ایکڑ جبکہ فصل خریف کیلئے 50ہزار روپے فی ایکڑ بلا سود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔

بلاسود زرعی قرضہ سکیم کے تحت 12.5ایکڑ تک زرعی اراضی کے مالک کاشتکاروں کو بھی بلا سود قرضوں کی فراہمی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس سکیم میں 5ایکڑ زمین کے مالک کاشتکاروں اور مزارعین کو ترجیحی بنیادوں پر قرضو ں کا اجراء کیا جارہا ہے۔چھوٹے کاشتکاروں کی آسانی کیلئے بلاسود قرضہ اب تین کی بجائے ایک قسط میں جاری کیا جائے گا۔بلا سود زرعی قرضہ رجسٹرڈ کاشتکاروں کو فراہم کیا جائے گا لہٰذا غیر رجسٹرڈ کاشتکار اپنے متعلقہ اراضی ریکارڈ سنٹر پر مفت رجسٹریشن کرائیں۔

پچھلے قرضہ کی بروقت ادائیگی پر آئندہ فصل کیلئے بلاسود قرضہ جاری کیا جائے گا۔کاشتکار بلا سود قرضہ حاصل کرنے کیلئے اخوت،نیشنل رورل سپورٹ پروگرام،نیشنل بنک آف پاکستان،ٹیلی نار مائیکرو فنانس اور زرعی ترقیاتی بنک سے رابطہ کریں۔