ریاستی اخبارات کی ترقی اور ریاستی صحافیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،ڈی جی اطلاعات آزاد کشمیر

بدھ 4 مارچ 2020 21:41

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2020ء) ڈائریکٹر جنرل اطلاعات آزاد کشمیر راجہ اظہر اقبال نے کہا ہے کہ ریاستی اخبارات کی ترقی اور ریاستی صحافیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،ریاستی اخبارات ریاستی صحافیوں کے روزگار کا بہت بڑا ذریعہ ہیں۔آل کشمیر نیو پیپرز سوسائٹی اور صحافتی تنظیموں کی مشاورت سے ریاستی صحافت کی ترقی کے لئے اقدمات اٹھائے جائیں گے،اس حوالے سے جلد اجلاس بلایا جائے گا۔

ریاستی اخبارات اور ریاستی صحافت تحریک آزادی کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے نو منتخب سیکرٹری جنرل راجہ امجد حسین ،ممبر ایگزیکٹیوتنویر تنولی اور دیگر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ،اس موقع پر مختصر مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی ،تقریب سے وائس چیئر مین پریس فائونڈیشن سردار ذوالفقار علی ،ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات مرزا بشیر،سینئر صحافی سردار دلپذیر عباسی ،مرکزی ایوان صحافت کے سیکرٹری جنرل ذوالفقار بٹ،سابق سیکرٹری جنرل رضا کاظمی ،راجہ شوکت اقبال ،محسن خواجہ، یونین آف جرنلسٹ کے ضلعی صدر اشتیاق آتش اور دیگر نے بھی خطاب کیا،تقریب سے خطاب کے دوران راجہ اظہر اقبال نے کہا کہ ریاستی اخباری صنعت کی ترقی ،استحکام اور فرو غ کے لئے حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے،اس مقصد کے لئے ٹھوس اور جاندار اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ریاستی صحافت اور ریاستی اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اخباری مالکان اور اخباری کارکنان کی مشاورت سے قابل عمل پالیسی ترتیب دی جائے گی۔ریاستی اخبارات سے آزاد کشمیر کے صحافیوں کی بڑی تعداد کا روزگا ر وابستہ ہے،ریاستی اخبارات ریاستی صحافیوں کو تنخواہ اور مراعات کی ادائیگی یقینی بنا رہے ہیں تاہم صحافت شعبہ سے متعلقہ اب بھی بہت سے امور میں بہتری لانے کی ضرورت ہے جس کے لئے باہمی مشاورت سے پالیسی ترتیب دے کر اس پر عمل درآمد یقینی بنا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :