وزیر بلدیات لوکل گورنمنٹ راجہ نصیر احمد خان کا دورہ نظامت اعلیٰ لوکل گورنمنٹ،پودا لگاکر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

وزیر نے یونین کونسل کے 27دفاترز کی تعمیر کیلئے 15کروڑ 23لاکھ روپے کے فنڈز جاری کرنے کے احکامات جار ی کر دئیے

جمعرات 5 مارچ 2020 17:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2020ء) وزیر بلدیات لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی راجہ نصیر احمد خان کا دورہ نظامت اعلیٰ لوکل گورنمنٹ،پودا لگاکر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ وڈی جی نے خوش آمدید کہا،ڈی جی لوکل گورنمنٹ کی جانب سے نظامت لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام جاری منصوبہ جات پر بریفنگ،وزیر لوکل گورنمنٹ نے یونین کونسل کے 27دفاترز کی تعمیر کے لیے 15کروڑ 23لاکھ روپے کے فنڈز جاری کرنے کے احکامات دیئے۔

زیر تعمیر پلوں کے پی سی ون کے تحت 16کروڑ روپے مختص،منصوبہ دو سال کے اندر مکمل ہوگا۔30مارچ تک محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ترقیاتی بجٹ کا 80فیصد خرچ کرنے کا ہدف مقرر۔تفصیلات کے مطابق وزیر لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی راجہ نصیر احمد خان نے جمعرات کے روز نیو چھتر سیکرٹریٹ میں واقع نظامت لوکل گورنمنٹ کا نو تعمیر شدہ دفتر کا دورہ کیا اور ایروکیریا کا پودا لگاکر شجرکاری مہم کا بھی افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

نظامت کے دورہ کے موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اعجاز خان اور ڈی جی لوکل گورنمنٹ انجینئر سید ظہیر گردیزی نے دیگر سٖٹاف کے ہمراہ وزیر حکومت کا استقبال کیا۔شجرکاری مہم کے افتتاح کے بعد ناظم اعلیٰ نے وزیر حکومت کو محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام جاری ترقیاتی منصوبہ جات کی تفصیلات پر بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیر حکومت راجہ نصیر احمد خان نے کہا کہ پی سی ون پراجیکٹ پر پراگریس بہتر بنانے کی ضرورت ہے،انہوں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام تعمیر کیے گئے ریسٹ ہائوسز کو فعال کرنے کے احکامات جاری کیے اور محکمہ کو حکم دیا کہ سرساوہ،چڑہوئی،دھیرکوٹ،نیلم میں موجود محکمہ کے تمام ریسٹ ہائوسز کو ضروری فنڈز مہیا کیے جائیں۔

انہوں نے آزادکشمیر کی 27یونین کونسلز کے دفاتر کے لیے 15کروڑ 23لاکھ روپے فنڈز بھی موقع پر جاری کرنے کے احکامات جاری کیے۔مختلف ندی نالوں پر پلوں کی تعمیر کے منصوبے پی سی ون کے ذریعے تیار کرنے اور ان پر عملدرآمد کے لیے 16کروڑ روپے کے فنڈز بھی مختص کیے جو دو سال میں مکمل ہوں گے۔راجہ نصیر احمد خان نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ترقیاتی بجٹ کا 80فیصد 30مارچ تک خرچ کرنے کا ہدف مقرر کیا اور تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کیں کہ اب تک جاری ہونے والے اخراجات کی تفصیلات وزرات کو فراہم کی جائیں۔

وزیر لوکل گورنمنٹ نے نئے ڈی جی کی تعیناتی کے بعد نظامت لوکل گورنمنٹ میں ملازمین کی حاضری ،بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے یقینی بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی عوام کے بنیادی مسائل کے حل اور ضروریات کی فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہے۔وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی زیر قیادت تمام حلقہ جات میں مساوی بنیادوں پر ترقیاتی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں اور جاریہ ترقیاتی منصوبہ جات کی موثر مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جارہا ،تمام ترقیاتی منصوبہ جات سکروٹنی کمیٹی کے ذریعے مجاز فورم سے منظور کروائے جارہے ہیں اور اب تک خرچ کیے جانے والے تمام فنڈز کا دستاویزی ثبوت تیار کیا گیا ہے۔کوشش ہے کہ آئندہ سال مزید فنڈز فراہم کیے جائیں۔