پنجاب یونیورسٹی کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے زیر اہتمام ورکشاپ

جمعہ 6 مارچ 2020 23:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2020ء) پنجاب یونیورسٹی کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے زیر اہتمام ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کی بحالی کیلئے خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری، ڈین فیکلٹی آف اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر محمد سعید اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور فوکل پرسنز نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر عابد حسین چوہدری نے کہا کہ گزشتہ برس پنجاب یونیورسٹی کے کئی ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کا اچانک بند ہونا کسی بُری خبرسے کم نہیں تھا۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے مختلف پرگراموںکی بحالی کیلئے کام کر رہے ہیں اور اس کوشش کو مزید تیز کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی رینکنگ میں مزید بہتری اور پروگرامز کی بحالی کیلئے شعبہ جات کے سربراہان کواقدامات کرنے ہوں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا ایم فل ،ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز کا جائزہ لینا پنجاب یونیورسٹی نے مثبت انداز میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے زیادہ پروگرامز اساتذہ اور طلباء کی شرح کے باعث بند ہوئے ۔یونیورسٹی انتظامیہ اساتذہ کی تعداد کو بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔بعد ازاں شرکاء کی جانب سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔ ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر محمد سعید نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور باہمی مشاورت سے 20مارچ 2020تک ایم فل اور پی ایچ ڈی کے پروگرامز کا ڈیٹا کوالٹی انہانسمنٹ سیل میں جمع کروائیں گے تاکہ بند پروگرامز کی بحالی کیلئے ہائرایجوکیشن کمیشن سے رجوع کیا جائے۔