اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا طیارہ گرنے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

جنگی طیارہ ایف-16 شکرپڑیاں کے مقام پر گر کر تباہ ہوا

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 11 مارچ 2020 11:39

اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا طیارہ گرنے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-11مارچ2020ء) اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا طیارہ گرنے سے پہلے کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں طیارہ گر گیا ہے۔طیارہ اسلام آباد کے علاقے شکر پڑیاں کے قریب چاند تارا کے جنگل میں گرا۔طیارہ گرنے کے بعد دور سے ہی دھویں کے باڈل اٹھتے دکھائی دیتے رہے۔

دھویں کے بادل شکر پڑیاں سے اٹھتے نظر آ رہے ہیں۔ امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ ہو چکی ہیں۔ ابتدائی طور پر کسی جان نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ تیارہ ایف-16 تھا۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ وہ کافی دیر سے اس طیارے کو دیکھ رہے تھے ، پائیلٹ کبھی آسمان کی بلندیوں پر چلا جاتا تھا تو کبھی زمین کے قریب واپس آجاتا تھا۔

(جاری ہے)

منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کا طیارہ پہلے آسمان کی بلندیوں پر موجود تھا پھر ایک دم سے زمین کی طرف آنا شروع کر دیا جس کے بعد ممکن طور پر پائیلٹ سے طیارہ کنٹرول نہیں ہوا او ر طیارہ شکرپڑیاں کے مقام پر گر کر تباہ ہو گیا۔
  اس سے قبل کہا جا رہا تھا کہ شاید یہ کوئی مسافر طیارہ ہے تاہم بعد میں بتایا گیا کہ یہ پاک فضائیہ کا جنگی طیارہ ہے جو ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہوا۔

اسلام آباد میں ان دنوں یوم پاکستان کی تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے فضائیہ کے جنگی جہاز پروازیں کر رہے ہیں۔ جس جگہ پر طیارہ گرا وہاں جنگلات تو موجود ہیں لیکن ساتھ ساتھ دو تین پکنک پوائنٹس بھی موجود ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق معمول کے مطابق ایک جنگی جہاز سیکٹر ایف سیکس کے اوپر پرواز کر رہا تھا کہ اچانک ان کا رخ نیچے کی جانب ہو گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ طیارہ آسمان کی بلندیوں پر تھا اور واپسی پر اپنا کنٹرول برقرار نہ رکھ سکا جس کی وجہ سے گر کر تباہ ہو گیا۔
اب سیکورٹی اداروں اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔ریسکیو کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں جب کہ سیکیورٹی اداروں نے حادثے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا۔