بھارت نے پوری دنیا کے سیاحوں کیلئے ویزہ سروس بند کردی

کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر بھارت نے سیاحتی ویزہ سروس معطل کردی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 11 مارچ 2020 23:18

بھارت نے پوری دنیا کے سیاحوں کیلئے ویزہ سروس بند کردی
نئی دہلی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-11مارچ2020ء) بھارت نے پوری دنیا کے سیاحوں کیلئے ویزہ سروس بند کردی ہے۔ اس وقت دنیا بھر مین کورونا وائرس کی وباء پھیل چکی ہے۔ چین، اٹلی، ایران، ناروے، قطر، جرمنی، عراق، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت 114ممالک میں کورونا وائرس کے 1لاکھ 18ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 4ہزار سے زائد افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر کے ممالک میں ہنگامی حالات ہیں۔ اب کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر بھارت نے بھی سیاحتی ویزہ سروس معطل کردی ہے کوئی بھی شخص بھارت میں سیاحت کیلئے نہیں جاسکے گا۔ یہ پابندی گیرمعینہ مدت کیلئے لگائی گئی ہے۔ دوسری جانب کرونا وائرس دنیا بھر میں بے قابو ہوگیا، عالمی ادارہ صحت نے وائرس کو عالمی وبا قرار دے دیا، 114 ممالک میں 1 لاکھ 18 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ، 4 ہزار 291 ہلاک ہو چکے، تمام ممالک سے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی اپیل کر دی گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں بے قابو ہو چکا ہے جس کے بعد اسے عالمی وبا قرار دینے کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب بھی کسی بیماری یا وائرس کیلئے وبا کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے، تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ یہ ایک انتہائی تشویش ناک صورتحال ہے، جس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔

ابھی تک کسی ملک کی جانب سے اس وبا پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا گیا۔ دنیا بھر کے ماہرین کی جانب سے کوشش کی جا چکی ہے کہ کسی طرح اس کا کوئی علاج ڈھونڈ لیا جائے۔ اس حوالے سے امریکی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ اگر ہم مسلسل کام بھی کریں تو بھی وائرس سے بچاو کی ویکسین تیار کرنے میں 18 مہینے کا وقت لگ سکتا ہے۔