کے ایم سی آفیسرز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کو سکیورٹی فراہم کی جائے ،میئر کراچی

جمعرات 12 مارچ 2020 19:35

کے ایم سی آفیسرز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کو سکیورٹی فراہم کی جائے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2020ء) میئر کراچی وسیم اختر نے ایک خط کے ذریعے آئی جی سندھ سے درخواست کی ہے کہ کے ایم سی آفیسرز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کی اسکیم کے اطراف چار دیواری کی تعمیر کے دوران قبضہ مافیا کی جانب سے کی جانے والی ممکنہ مداخلت اور نقص امن کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیکورٹی فراہم کی جائے، تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے انسپکٹر جنرل آف سندھ سے ایک خط کے ذریعے درخواست کی ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی زمین واقع پلاٹ نمبر108 ، شیٹ نمبر K-28 ، ٹرانس لیاری ،منگھوپیر روڈ جو کہ کے ایم سی آفیسرز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے لئے وقف ہے ، گزشتہ دنوں اس قطعہ اراضی پر قائم کی گئی تجاوزات کو ختم کرکے قبضہ مافیا سے واگزار کرایا گیا ہے تاہم قبضہ مافیا کی مشکوک سرگرمیوں کے باعث خدشہ ہے کہ وہ دوبارہ اس اراضی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں لہٰذا کے ایم سی کی جانب سے اس پلاٹ کے قطعہ اراضی کو محفوظ کرنے کے لئے احتیاطی تدابیر کے طور پر وہاں چار دیواری کے کاموں کا آغاز کیا جا رہا ہے تعمیراتی کاموں کے دوران قبضہ مافیا کی جانب سے ممکنہ مداخلت کے خدشے پیش نظر اور امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لئے چار دیواری کی تعمیر کے دوران تحفظ فراہم کرنے کے لئے متعلقہ ضلعی پولیس تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں تاکہ پرامن طریقے سے چار دیواری کی تعمیر کا عمل مکمل ہوسکے۔