پشاور :پورے صوبے میں میٹرک امتحانات شروع

جمعرات 12 مارچ 2020 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مارچ2020ء) وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ طلباء کو سہولیات مہیا کرنے کی غرض سے امسال تمام طلباء کو نزدیکی امتحانی سنٹرز دیے گئے ہیں تاکہ ان کو آمدورفت کا مسئلہ نہ ہو جبکہ ریگولر طلباء و طالبات کو رولنمبرسلپس آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں تاکہ ان کو کوئی مسئلہ نہ ہو۔ جبکہ پرائیویٹ طلباء اور طالبات کو رول نمبرسلپس گھروں کے پتے پر ارسال کردیئے گئے ہیں اور آن لائن سسٹم سے فوائد حاصل کرنے کے لیے یہ معلومات تمام بورڈز کی ویب سائٹس پر بھی ڈال دی گئی ہیں۔

اسی طرح تمام سپریٹنڈنٹس اور ڈپٹی سپریٹنڈنٹس کو بذریعہ قرعہ اندازی ڈیوٹیاں تفویض کی گئی ہیں اور بہترین امتحانات کے انعقاد کیلئے تمام سٹاف کو ضروری تربیت بھی دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے انویجیلیٹر سٹاف کی ڈیوٹیاں بھی بذریعہ قرعہ اندازی لگائی گئی ہیں تاکہ میرٹ اور شفافیت برقرار رہے۔اکبر ایوب خان نے مزید کہا کہ شفافیت، نقل کی روک تھام اور دیگر مسائل پر قابو پانے کی غرض سے تمام طلباء و طالبات کی حاضری بذریعہ آن لائن ایپلیکیشن لگائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سال میٹرک کے امتحانات میں کل 769689 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ 3164 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں اور کل 19214 اساتذہ کو ڈیوٹیوں پر تعینات کیا گیا ہے۔ اکبر ایوب نے کہا کہ اس مرتبہ امتحانات میں طلباء کے ساتھ ساتھ اساتذہ پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی اور تھوڑی سی کوتائی اور غلطی کی صورت میں ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس دفعہ امتحانات پہلے سے زیادہ صاف اور شفاف منعقد ہوں گے جس کے لیے سخت سکیورٹی کا انتظام بھی کیا گیا ہے اور تمام امتحانی امور اور ایک جامعہ حکمت عملی کے تحت سرانجام دیئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :