فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے تمام تعلیمی بورڈز انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانی نتائج کا اعلان کل کیا جائے گا

بدھ 17 ستمبر 2025 13:24

فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے تمام تعلیمی بورڈز انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے تمام تعلیمی بورڈز انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو(بارہویں جماعت) کے امتحانی نتائج کا اعلان کل جمعرات18 ستمبر کو کریں گے۔اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے ترجمان ساجد نقوی نے اے پی پی کو بتایا کہ کمشنر وچیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آبادراجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے زیراہتمام ہونے والے امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ و کمپوزٹ (اول)سالانہ 2025 کے نتائج کا اعلان انشا اللہ تعالیٰ آج 18 ستمبر2025 بروزجمعرات 10 بجے دن کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پوزیشن ہولڈرطلباء وطالبات کیلئے تقریب تقسیم انعامات آج 18 ستمبر 2025 کو صبح 9 بجے کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت شہزاد ہال ڈویژنل ماڈل کالج سول لائنز فیصل آباد میں منعقد ہو گی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن و کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے علاوہ سربراہان ادارہ جات،اساتذہ کرام،والدین و شعبہ تعلیم سے وابستہ اہم شخصیات شریک ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آج18 ستمبر2025 بروز جمعرات کو صبح 10 بجے دن کمشنر وچیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد راجہ جہانگیر انور لیپ ٹاپ پر بٹن دبا کر جنرل رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk پر اَپ لوڈکریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ پوزیشن ہولڈر طلباوطالبات کو میڈلز،نقد انعامات و سرٹیفکیٹس سے بھی نوازیں گے۔انہوں نے بتایا کہ نتائج سنڈیکیٹ مارکنگ کے تحت حکومت پنجاب کے وضع کردہ ایس او پیز کے مطابق سخت محنت و انتہائی احتیاط سے تیار کئے گئے ہیں جو انشااللہ تعالیٰ ہر قسم کی غلطیوں سے مبرا ہوں گے تاہم نتائج یا دیگر معلومات کیلئے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبر0419330366 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔