معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت کرونا وائرس کے حوالہ سے جائزہ اجلاس

زمینی راستوں اور ہوائی اڈوں پر مربوط سکریننگ کا نظام موجود ہے، پاکستان میں اب تک 20 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے، صورتحال مکمل قابو میں ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

جمعرات 12 مارچ 2020 23:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت کرونا وائرس کے حوالہ سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا کے وزیر صحت اور چیف سیکرٹری نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک پر صوبوں کے وزراء اعلی،ٰ وزراء صحت، چیف سیکرٹریز ہیلتھ اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز بھی اجلاس میں شامل تھے۔

صوبوں کے وزراء اعلیٰ نے اپنے صوبوں میں کئے گئے اقدامات کے بارے میں اجلاس کو بتایا۔ اجلاس میں کرونا وائرس بارے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موجود انتظامات اور اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مکمل تیار ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ زمینی راستوں اور ہوائی اڈوں پر مربوط سکریننگ کا نظام موجود ہے، پاکستان میں اب تک 20 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ صورتحال مکمل قابو میں ہے اور صورتحال پر گہری نظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کو عالمی وباء ڈیکلیئر کیا ہے۔

وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس سلسلہ میں مزید اقدامات کو یقینی بنا رہی ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ یہ ایک قومی چیلنج ہے، وزارت صحت، صوبے اور متعلقہ ادارے مل کر عوام کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاک ایران بارڈر پر ایک مربوط جامع پالیسی مرتب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 دن قرنطینہ اور سکریننگ کے عمل سے آنے والے مسافروں کو گزرنا پڑتا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ سرحد سے پار آنے والے افراد کی نگرانی بھی جاری ہے،گلکت بلتستان میں این آئی ایچ کے تعاون سے تشخیص کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ عوام کی آگاہی کیلئے میڈیا مہم جاری ہے، عوام کی معلومات کیلئے وزارت صحت نے ہیلپ لائن قائم کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی معلومات کے حوالہ سے ہیلپ لائن کا نمبر 1166 ہے۔