سندھ کے تمام تعلیمی اداروں کیلئے تعطیلات میں مزید کئی ماہ کا اضافہ کر دیا گیا

صوبے میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات بھی منسوخ کر دیے گئے، تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند رہیں گے

muhammad ali محمد علی جمعرات 12 مارچ 2020 23:32

سندھ کے تمام تعلیمی اداروں کیلئے تعطیلات میں مزید کئی ماہ کا اضافہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مارچ2020ء) سندھ کے تمام تعلیمی اداروں کیلئے تعطیلات میں مزید کئی ماہ اضافہ کر دیا گیا، صوبے میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات بھی منسوخ کر دیے گئے، تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے 3 ماہ کیلئے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاوس میں ہنگامی اجلاس بلایا گیا۔

اجلاس میں غور و فکر کرنے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 30 مئی تک کیلئے بند کر دیے جائیں۔ صوبے کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے اب 30 مئی تک بند رہیں گے۔ جبکہ صوبے میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس خدشات کے باعث صوبے کے تعلیمی ادارے اگلے تین ماہ تک بند رہیں گے، جبکہ اسی باعث رواں برس تعلیمی اداروں کیلئے موسم گرما کی تعطیلات میں بعد ازاں کمی کر دی جائے گی۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر سعید غنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عالمی ادارے صحت نے کرونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے دیا ہے، اس لیے اس حوالے سے کسی قسم کی لاپرواہی نہیں کی جا سکتی۔ صوبائی حکومت نے طویل غور و فکر کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ صوبے کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے نہ کھولے جائیں اور تعطیلات میں 30 مئی تک اضافہ کر دیا جائے۔ ان تعطیلات کے باعث رواں برس سندھ کے تعلیمی اداروں میں نیا سال یکم جون سے شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے کل 21 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ میں اب تک 18 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جبکہ گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ رپورٹ ہونے والے تمام مریضوں کا علاج جاری ہے۔ جبکہ اس تمام صورتحال میں وزیراعظم نے کل قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں ملک بھر میں ایمرجنسی کے نفاذ کے حوالے سے حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔