ملک بھر میں پیٹرول کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے مطالبات پورے نہ ہونے تک ہڑتال کی دھمکی دے دی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 12 مارچ 2020 23:44

ملک بھر میں پیٹرول کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مارچ2020ء) ملک بھر میں پیٹرول کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے مطالبات پورے نہ ہونے تک ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے۔ صدر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن عابد ﷲ آفریدی نے دیگر عہدہ داروں کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کی ہے، پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اٹھارٹی اوگرا کی جانب سے بنائے گئے قوانین پر عمل کیا ہے لیکن پھر بھی لوڈنگ بند ہے۔

صدر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے مزید کہا ہے کہ دوہزار انیس سے کرائے بھی نہیں بڑھائے گئے ہیں۔ عابد ﷲ آفریدی نے مزید کہا کہ کئی بار فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایف بی آر، حکومت اور وزارتِ تیل و گیس سے بات چیت کی ہے لیکن ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے اور ہمارے مطالبات نہیں مانے جارہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ڈیڑھ ہزار گاڑیاں اوگرا رولز کے تحت بنائیں لیکن ہمیں لوڈنگ نہیں دی جارہی جبکہ پرانے ٹینکرز کی لوڈنگ سالوں سے بند ہے اور پرائیوٹ ٹھیکیداروں کو مسلسل ٹھیکے دیے جارہے ہیں۔

عابد ﷲ آفریدی کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلہ موجود ہے لیکن ا س پر عمل نہیں ہورہا ہے۔ کرایوں کی مد میں 2019 سے اب تک کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ 20 مارچ تک مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اپنی گاڑیاں کھڑی کردیں گے اور تیل کی ترسیل بھی مکمل طور پر بند کی جاسکتی ہے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی سطح پر کم ہونے کے باوجود بھی حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے رہی وفاقی حکومت عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے ،پیٹرول کی قیمت 50روپے فی لیٹر مقرر کی جائے ، یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت 35ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے جس کی مناسبت سے پاکستان میں فی لیٹر پٹرول 50روپے ہونا چاہیے لیکن اس وقت پٹرول 112روپے فی لیٹر پر فروخت کیا جارہا ہے جو کہ عوام کیساتھ ناانصافی ہے۔