محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے فیصل آ باد سمیت تمام اضلاع کی پرفارمنس بیسڈ رینکنگ جاری کر دی،3اضلاع 100میں سے 99فیصد رینکنگ کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے

جمعہ 13 مارچ 2020 14:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2020ء) محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے فیصل آ باد سمیت تمام اضلاع کی پرفارمنس بیسڈ رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ماہ فروری کے مقرر کردہ ہیلتھ انڈیکیٹرز کے مطابق3 اضلاع نارووال ، حافظ آباد، سرگودھا 100میں سے 99فیصد رینکنگ کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے جمعہ کے روز اے پی پی کو بتایاکہ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق 7 اضلاع جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، راجن پور ، جہلم ، پاک پتن ، لاہور ،لودھراں نے 100 میں سے 98 پوائنٹس کے ساتھ مجموعی طور پر دوسری جبکہ 10اضلاع اوکاڑہ، خوشاب ،چکوال ،ڈی جی خان، منڈی بہاوالدین ، سیالکوٹ ،خانیوال،ملتان ، رحیم یان خان نے 100میں سے 97 پوائنٹس کے ہیلتھ انڈیکیٹرز اہداف کو مکمل کرتے ہوئے مجموعی طور پر تیسری اور میانوالی، بھکر،گجرات ، وہاڑی، قصور، گوجرانوالہ ، فیصل آباد، ساہیوال ،اٹک ، بہاولپور ،چنیوٹ سمیت 11اضلاع نے ہیلتھ انڈیکیٹرز کے ضمن میں مقرر کردہ 100پوائنٹس میں سے 96 نمبر حاصل کر کے مجموعی طو رپر چوتھی جبکہ تین اضلاع ننکانہ صاحب، لیہ اور مظفر گڑھ نے محکمہ صحت کی کارکردگی کے حوالے سے مقرر کردہ اہداف میں 100کے مقابلے میں 95پوائنٹس کے ساتھ مجموعی طور پر پانچویں ،2اضلاع مظفر گڑھ و شیخوپورہ نے 100میں سے 93 پوائنٹس کے ساتھ مجموعی طور پر چھٹی اور 2 اضلاع بہاولپور و راولپنڈی 100میں سے 91 پوائنٹس کے ساتھ مجمو عی طور پر ساتویں نمبر پر رہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان نے بتایاکہ مذکورہ اہداف میں بائیو میٹرک حاضری ، مریضوں کی تعداد میں اضافہ، ہر قسم کی متعدی و موسمی اور وبائی امراض کے خاتمہ کیلئے ویکسینیشن ،ماں و بچے کی صحت کے حوالے سے اقدامات ، ہسپتالوں کی لیبارٹریز میں ٹیسٹوں کی سہولت ، گرین اینڈ کلین پروگرام پر عملدر آمد اور عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی وغیرہ بھی شامل ہیں۔انہوںنے بتایاکہ سپیشل سیکرٹری ہیلتھ پنجاب محمد اجمل بھٹی کی جانب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع نارووال ، حافظ آباد اور سرگودھا کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کو تہنیتی مراسلے بھی جاری کئے گئے ہیں تاکہ سکیور کارڈ پر بہترین پرفارمنس کے باعث ان کی حوصلہ افزائی یقینی ہو سکے۔