کورونا وائرس، بعض نجی دفاتر میں ملازمین کو حاضری سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا

پیر 16 مارچ 2020 14:34

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2020ء) کورونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے طورپر ملتان میںبعض نجی دفاتر میں ملازمین کو حاضری سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے اور انہیں کہا گیا ہے کہ وہ گھروں میں بیٹھ کر کام کریں اور دفتر کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس سے بچائو کے لیے لوگوں کو ان کے گھروں تک محدود کرنا بنیادی احتیاطی تدابیر میں شامل ہے۔

مختلف دفاتر نے صرف ضروری سٹاف کو حاضری کا پابند کیا ہے اور اس کے لیے بھی ضروری قراردیا ہے کہ وہ ماسک لگا کر دفتر آئیں اور دفتر میں داخلے کے بعد جراثیم کش ادویہ سے اپنے ہاتھ صاف کریں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے سرکاری دفاتر میں بھی لوگوں کی آمدورفت محدود کرنے کی تجاویز زیرغور ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع کچہری میں پہلے ہی چیف جسٹس کی ہدایات کے مطابق صرف اُن وکلاء کو کچہری میں آنے کا کہا گیا ہے جن کے کیس کسی عدالت میں زیرسماعت ہیں۔

اسی طرح سائل بھی صرف وہی آئے گا جسے عدالت نے طلب کیا ہے۔سول ایوی ایشن کی ہدایات کے مطابق ایئرپورٹ پر بھی مسافروں کو لینے یا چھوڑنے کے لیے صرف ایک شخص کوجانے کی اجازت ہوگی۔’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے مقامی کھادکمپنی کے ایریا منیجر نوازش علی خان نے بتایا کہ کراچی میں ہمارا سٹاف گھروں میں بیٹھ کر کام کررہاہے جبکہ ملتان آفس میں بھی ہم نے مکمل احتیاطی تدابیر کی ہیں ،گوداموں پر آمدورفت محدود کردی گئی ہے جبکہ لیبر کوبھی ماسک پہننے اور جراثیم کش ادویہ سے باربار ہاتھ دھونے کی ہدایت کی گئی ہے۔