وزیر زراعت سے ایم ڈی پنجاب سیڈ کاپوریشن کی ملاقات ،بیجوں کی تیاری کے حوالے سے تبادلہ خیال

بیجوں کی عالمی معیار کے مطابق تیار ی کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں ‘ ملک نعمان احمد لنگڑیال

پیر 16 مارچ 2020 19:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2020ء) مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کاپوریشن محمودجاوید بھٹی نے وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال سے ملاقات کر کے محکمے کے امور ،زرعی اجناس ،کپاس ،سبزیوں ،تیل دار اجناس اوردالوں کے معیاری بیجوں کی تیاری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ملک نعمان احمد لنگڑیال نے ایم ڈی پنجاب سیڈ کاپوریشن کو ہدایت کی کہ بیجوں کی عالمی معیار کے مطابق تیار ی کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔

بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے خوراک کی ضروریات کوپورا کرنا بہت بڑا چیلنج ہے جس کے لئے ہمیں دن رات کام کرنا ہوگا۔گندم ، کپاس، چاول ، مکئی ، تیل دار اجناس ، سبزیوں اور دالوں کے بیجوں کی تیاری میں ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور اس ضمن میں زرعی سائنسدانوں سے ملاقاتیں اور فیصل آباد اور کالا شاہ کاکو کے ریسر چ سنٹرز کے باقاعدگی سے دورے کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

ہمیں ایسے بیج تیار کرنے ہیں جو بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت فی ایکڑزیادہ پیداوار دینے کی صلاحیت کے حامل ہوں ۔ وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ درپیش مسائل کے حل اور معیاری بیجوں کی تیاری کے لئے دن رات کام کیا جائے میری مشاورت اور خدمات ہر وقت حاضر ہیں ، ہم نے مل کر صوبے کو درپیش زرعی چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے مشن کے مطابق صوبے کو اناج گھر بنانا ہے ۔