سندھ میں کورونا کے 61 نئے کیسزسامنے آگئے، ملک بھر میں تعداد 106 ہوگئی

پیر 16 مارچ 2020 19:35

سندھ میں کورونا کے 61 نئے کیسزسامنے آگئے، ملک بھر میں تعداد 106 ہوگئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2020ء) سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 88 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ملک بھرمیں یہ تعداد 106 ہوگئی ہے۔سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں ایران سے تفتان بارڈرسے سکھر آنے والے 61 افراد میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسزکی تعداد 105 ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں بھی ایک اور کیس کی تصدیق کی جس کے بعد ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 106 تک ہوگئی ہے۔مرتضی وہاب کے مطابق سندھ میں کورونا کیسزکے مجموعی تعداد 88 ہوگئی ہے، جن میں سے 25 کا تعلق کراچی، ایک حیدرآباد سے جبکہ 61 کیسزتفتان بارڈرسے آنے والے افراد میں رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ تمام متاثرہ افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، کورونا سے متاثرہونے والے 2 افراد اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے 53 کیس رپورٹ ہوئے، تمام متاثرہ افراد تفتان ایران سے سکھر پہنچے تھے۔