خیبرپختونخوا حکومت کی نماز جمعہ دو شفٹوں میں ادا کرنے کی ہدایت

نماز جمعہ سمیت تمام نمازیں بند ہال کے بجائے برآمدے اور صحن میں ادا کرنے کا اہتمام کیا جائے، نماز کے دوران صفوں میں اضافی جگہ قائم کی جائے: محکمہ اوقافنے نوٹی فکیشن جاری کردیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 16 مارچ 2020 22:57

خیبرپختونخوا حکومت کی نماز جمعہ دو شفٹوں میں ادا کرنے کی ہدایت
پشاور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16مارچ 2020ء) خیبرپختونخوا حکومت نے نماز جمعہ دو شفٹوں میں ادا کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ صوبائی حکومت نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نماز جمعہ سمیت تمام نمازیں بند ہال کے بجائے برآمدے اور صحن میں ادا کرنے کا اہتمام کیا جائے، نماز کے دوران صفوں میں اضافی جگہ قائم کی جائے۔ محکمہ اوقاف کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق علمائے کرام نماز جمعہ دو شفٹوں میں ادا کریں تاکہ نمازیوں کا زیادہ رش نہ ہو۔

بزرگوں اور بچوں کو مساجد میں نہ آنے کی ترغیب دی جائے کیوں کہ کرونا وائرس عمر رسیدہ افراد اور بچوں کیلئے زیادہ خطرناک ثابت ہوتا ہے۔ سنت اور نوافل گھروں میں ادا کیے جائیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئمہ کرام جمعہ کے خطبہ سمیت دیگر مواقع پر صفائی ستھرائی کی اہمیت پر روشنی ڈالیں اور نمازیوں کو وضو کے دوران صابن سے ہاتھ دھونے کی تلقین کریں، نماز جنازہ کے دوران بھی صفوں میں فاصلہ قائم کیا جائے، مساجد میں غیرضروری اجتماعات اور تقریبات سے گریز کیا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے قیدیوں کی سزا میں2 ماہ کی کمی کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ کورونا وباء کی شکل اختیارکرگیا، عوام کے ساتھ قیدیوں کوبھی ریلف دینگے، سزائیں کم ہونے سے بیشتر قیدیوں کو رہائی مل جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی معافی کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبہ بھرکے جیلوں میں قیدیوں کی سزا میں2 ماہ کم کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس خیبر پختونخوا بھی پہنچ گیاخیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے تصدیق کی ہے کہ خیبر پختونخوا میں 15 کورونا سامنے آئے ہیں۔