پیپلز پارٹی سندھ کو تقسیم اور کراچی کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے جا رہی ہے، مصطفی کمال

کراچی میں پہلے 6 ضلع تھے اب 8سے 9 ضلع بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اگر شہرِ قائد کو ڈی سینٹرلائزڈ کرنا ہے تو ٹائون بنائے جائیں،چیئرمین پی ایس پی

منگل 17 مارچ 2020 18:53

پیپلز پارٹی سندھ کو تقسیم اور کراچی کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے جا رہی ہے، مصطفی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2020ء) پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ اور سابق ناظمِ اعلی کراچی مصطفی کمال نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کو تقسیم کر رہی ہے اور کراچی کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے جا رہی ہے،کراچی میں پہلے 6 ضلع تھے اب 8 سے 9 ضلع بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ناصرف سندھ کی تقسیم کے خلاف ہیں، بلکہ کراچی کی تقسیم کے بھی خلاف ہیں، پی ایس پی نے کبھی توڑ کی بات نہیں کی، ہمیشہ جوڑ کی بات کی ہے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ پی پی کو اقتدار میں رہنے کا شوق ہے تو خدمت کر کے اقتدار حاصل کر لیں، کراچی میں اضلاع بڑھانے سے صوبہ خراب ہو گا، جس سے پاکستان خراب ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو ایک ضلع میں بحال کیا جائے، اگر شہرِ قائد کو ڈی سینٹرلائزڈ کرنا ہے تو ٹائون بنائے جائیں، آبادی بڑھے تو نیا ٹائون بنایا جائے۔سربراہ پاک سر زمین پارٹی نے کہا کہ کراچی سندھ کا دارالخلافہ ہے، اس کی خوبصورتی ایک رہنے میں ہے۔