کورونا سے بچائو کیلئے تمام افسران محکمہ صحت کی مقرر کردہ گائیڈ لائنز پر من و عن عمل کریں‘ وزیر زراعت

تمام افسران و عوام اللہ تعالی سے خصوصی دعا کریں کہ اس آفت سے جلد از جلد نجات ملے‘ ملک نعمان لنگڑیال

منگل 17 مارچ 2020 22:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2020ء) وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کورونا کے حفاظتی اقدامات کے متعلق لائحہ عمل کی تیاری بارے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید، ایڈیشنل سیکرٹری(ایڈمن)محبوب عالم، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(پلاننگ)عبیداللہ کھوکھر،منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن محمود بھٹی، ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ)ڈاکٹر عابد محمود،ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)ڈاکٹر انجم علی، محمد رفیق اختر ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب اور چیف میڈیا ایڈوائزر برائے وزیر زراعت پنجاب شاہد قادر سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے تمام افسران کو کرونا سے متعلق حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے مزید کہا کہ تمام افسران محکمہ صحت کی مقرر کردہ گائیڈ لائنز پر من و عن عمل کریں۔ اس کے علاوہ تمام افسران و عوام اللہ تعالی سے خصوصی دعا کریں کہ اس آفت سے جلد از جلد نجات ملے۔

وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کسی بھی ہنگامی صورتحال کے نتیجے میں عوام کو زرعی اجناس کی ترسیل جاری رکھنے کی خصوصی ہدایت کی اور شعبہ مارکیٹنگ کو ہدایات جاری کیں کہ زرعی منڈیوں میں آنے والے افراد کو ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈائریکٹرجنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر انجم علی کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں صوبہ بھر میں ہونے والی گندم کی کٹائی اور کپاس کی بوائی بارے جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

وزیر زراعت پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ اس نازک صورتِ حال میں ہر کام کی ابتدا بسم اللہ پڑھ کر کریں اور درود شریف کا ورد کرتے رہیں۔اس کے ساتھ یہ بات ذہن میں رکھیں کہ کرونا وائرس سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے اور اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے جاری ہدایات پر من و عن عمل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کرونا کی صورتحال پر خصوصی طور پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کرونا سے لڑنے کیلئے پوری قوم یکجا ہے۔