برطانیہ کے تمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا اعلان

مئی اور جون میں ہونے والے امتحانات کو بھی مؤخر کر دیا گیا ، برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعد 104 جبکہ کل مریضوں کی تعداد 2 ہزار 626 ہو چکی

muhammad ali محمد علی بدھ 18 مارچ 2020 23:47

برطانیہ کے تمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا اعلان
لندن (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-18مارچ2020ء) برطانیہ کے تمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا اعلان، مئی اور جون میں ہونے والے امتحانات کو بھی مؤخر کر دیا گیا ، برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعد 104 جبکہ کل مریضوں کی تعداد 2 ہزار 626 ہو چکی۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس ہر گزرتے دن کیساتھ بے قابو ہو رہا ہے۔ بدھ کے روز برطانیہ میں کرونا وائرس کے باعث مزید 32 افراد ہلاک ہوگئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 104 ہوگئی ہے۔

جبکہ برطانیہ میں اب تک کرونا وائرس کے کل 26 سو سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ اب اس تمام صورتحال میں برطانوی وزیراعظم نے ملک بھر کے تمام اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق جمعہ 20 مارچ سے ہوگا، جبکہ برطانیہ میں شیڈول تمام امتحانات بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کرونا وائرس کی تباہ کاریوں کے بعد برطانوی وزیراعظم نے گزشتہ روز 330 ارب پاونڈ کے خصوصی پیکج کا اعلان بھی کیا تھا۔

جبکہ مسلسل بگڑتی صورتحال کے باعث لندن کو جلد لاک ڈاون کر دیے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے برطانوی حکومت ایمرجنسی بل تیار کر رہی ہے، جس کے تحت لندن کی بندش کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ لندن کا لاک ڈاون کب عمل میں آئے گا۔ دوسری جانب کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد ہر طرف اس کی تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔

ابھی تک دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ اس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔وائرس کے پھیلتے ہی عالمی سطح پر میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی جس کے بعد ہر ملک کی جانب سے اس سے بچنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کچھ روز قبل عالمی ادارہ صحت نے بھی کرونا وائرس کو ایک عالمی وبا قرار دیتے ہوئے میڈیکل ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا۔ اب تک دنیا کے کئی ممالک بشمول سعودی عرب، اٹلی، کینیڈا اور دیگر مکمل لاک ڈاون کر چکے ہیں۔