ڈپٹی کمشنر کوٹلی ڈاکٹر عمر نے 14 سالہ لڑکی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیکر ملزم کو گرفتار کروا دیا

جمعرات 19 مارچ 2020 16:20

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2020ء) ڈپٹی کمشنر کوٹلی ڈاکٹر عمر نے 14 سالہ لڑکی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیکر ملزم کو گرفتار کروا دیا۔ملزم نے 5 مارچ کو ناڑ کے نواحی علاقہ میں غریب خاندان کی لڑکی سے زیادتی کی تھی۔بااثر مافیا اور ملزم وقاص واقعہ پر پردہ ڈالنے کے لئے لڑکی کے اہلخانہ کو دھمکاتا رہا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر نے کہا ہے کہ بچوں سے زیادتی کے ملزمان کسی صورت رعایت کے مستحق نہیں‘ملزمان چاہیے کتنے ہی با اثر کیوں نہ ہوں مظلوم خاندان کو انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔

معززین علاقہ سیاسی و سماجی شخصیات اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے عہدیداروں نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر کی طرف سے واقعہ کا نوٹس لے کر ملزم کو قانون کی گرفت میں لانے کے اقدام کو سراہا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پانچ مارچ کو ضلع کوٹلی کے نواحی علاقے ناڑ میں ملزم وقاص نے ایک غریب خاندان کی چودہ سالہ لڑکی سے ریپ کیا۔ ملزم کے خلاف کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔

جب سوشل میڈیا پر غریب خاندان کی لڑکی سے زیادتی کی خبریں سامنے آئیں تو ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر نے واقعہ کا فوری نوٹس لیا اور پولیس کو ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر پولیس نے ایف آئی آر دج کی اور ملزم کو گرفتار کیا۔ ڈاکٹر عمر نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو اپنی نگرانی میں متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کرانے کی ہدایت کی ۔

میڈیکل رپورٹ میں لڑکی سے زیادتی ثابت ہو گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر نے کہا ہے کہ بچوں سے زیادتی کے ملزمان کسی صورت رعایت کے مستحق نہیں۔معاشرے کے مظلوم طبقات کو تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ ملزم چاہیے کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو مظلوم خاندان کے ساتھ ہر حال میں انصاف ہو گا۔ دوسری جانب سیاسی و سماجی شخصیات ‘ انسانی حقوق کی تنظیموں کے عہدیداروں اور معززین علاقہ نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر کی طرف سے بااثر ملزم کو قانون کی گرفت میں لانے اور مظلوم خاندان کو انصاف کی فراہمی کے اقدام کو سراہتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر آئندہ بھی علاقے میں غریب عوام کی داد رسی کے لئے اسی انداز میں فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔