چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء کی عدالتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کی جانب سے الوداعی ظہرانے کا اہتمام

جمعرات 19 مارچ 2020 22:35

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2020ء) چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء کی عدالتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کی جانب سے سپریم کورٹ بلڈنگ کانفرنس ہال میرپور میں انتہائی مختصر ، باوقار الوداعی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان ، جج سپریم کورٹ جسٹس غلام مصطفی مغل کے علاوہ ججز ہائی کورٹ ، ایڈووکیٹ جنرل ، بارکونسل کے ممبران ، صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور ، سیکرٹری جنرل ودیگر عہدیداران اور اراکین بار نے شرکت کی ۔

۔اس موقع پر سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان ، صدر ڈسٹر کٹ بار ایسوسی ایشن میرپور نے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر کی تاریخی عدالتی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء کی تاریخی عدالتی خدمات ، نظام عدل میںکی گئی اصلاحات ، دلیرانہ فیصلے ، تاریخی اور سنہری دورکو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے بار اور بینچ کے اتحاد پر زوردیتے ہوئے کہا کہ آزادجموں وکشمیر میں نظام عدل کے لئے یکجا ہو کر کام کریں تاکہ قانون شکن اور استحصال پسند عناصر کے مذموم مقاصد کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بار اور بینچ میں اگر ہم آہنگی نہیں ہوگی تو اس سے ایک طرف تو نظام عدل جبکہ کہ دوسری جانب ریاست کے ادارے کمزور ہوں گے ۔