بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 76ہوگئی

ملک میں چند ہی گھنٹوں میں مریضوں کی تعداد 326 سے بڑھ کر 448 ہوگئی، سندھ میں 245 افراد کورونا کا شکار

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 19 مارچ 2020 22:16

بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 76ہوگئی
کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 مارچ 2020ء) بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 76ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں چند ہی گھنٹوں میں مریضوں کی تعداد 326 سے بڑھ کر 448 ہوگئی ہے۔ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ سندھ اور بلوچستان میں ہوا ہے۔ سندھ میں 245 افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ بلوچتسان میں تعداد ایک دم بڑھ کر 76ہوگئی ہے۔

حکومت کی جانب سے لانچ کی گئی ویبسائٹ کیمطابق پنجاب میں کورونا کے 78مریض موجود ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں مریضوں کی تعداد 23 ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں اب تک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 23کیسز سامنے آچکے ہیں۔ ملک میں اب تک 4افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں جبکہ 2افراد کی موت ہوچکی ہے۔ وفاقی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کی درست معلومات کیلئےسرکاری ویب سائٹ لانچ کردی، ویب سائٹ پرکورونا وائرس کی تازہ ترین اور مصدقہ اطلاعات عوام تک پہنچائی جائیں گی، ویب سائٹ http://covid.gov.pk پر حفاظتی اقدامات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی معلومات بھی دستیاب ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابرافتخار کے ہمرا ہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے طب کے شعبے میں چین کے ساتھ کافی چیزوں کا تبادلہ کیا ہے۔ چین نے جس طرح اس وباء کو روکا اس کی پوری دنیا تعریف کررہی ہے۔ چین میں جو وبائی امراض کے طبی ماہرین ہیں، اگلے ہفتے میں ان کی پاکستانی ڈاکٹرز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی جائے گی، چینی سفیر اس حوالے سے سہولتکاری دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے 194ممالک میں174ممالک میں کورونا کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں، دنیا میں 2لاکھ 20 ہزار کنفرم کیسز ہیں۔پاکستان میں ابھی 326 کیسزمصدقہ ہیں۔ ہم اپنی ویب سائٹ پر ڈیش بورڈ بنا رہے ہیں۔ وہاں ہر شخص کورونا مریضوں کی مصدقہ تعداد دیکھ سکے گا۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں جو تبدیلی آئی وہ نہایت افسوس کے ساتھ کہتا ہوں کہ 2 لوگوں کی کورونا کے باعث اموات ہوئیں۔