سپین کے نوجوان نے اپنے چھوٹے سے اپارٹمنٹ میں 61 کلومیٹر کی دوڑ مکمل کر لی

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 19 مارچ 2020 23:42

سپین کے نوجوان نے   اپنے چھوٹے سے اپارٹمنٹ میں 61 کلومیٹر کی دوڑ مکمل ..

کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باوجود  سپین سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کھلاڑی  نے ثابت کیا ہے کہ ورزش پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے  اپنے   چھوٹے سے اپارٹمنٹ میں 61 کلومیٹر کی دوڑ مکمل کر لی۔ یہ فاصلہ انہوں نے 10 گھنٹوں میں مکمل کیا۔ 

ٹرائیاتھلیٹ(triathlete)   41 سالہ جاویر کاسٹرورڈی کا تعلق سپین کے علاقے  گالیسیا سے ہے۔

یورپ کے دوسرے ملکوں کی طرح سپین کے افراد بھی  کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اپنے گھروں میں محصور ہیں۔  گھر میں اپنا وقت سونے میں، سوشل میڈیا یا  نیٹ فلیکس  پر گزارنے کی بجائے جاویر نے فیصلہ کیا کہ وہ  گھر میں رہتے ہوئے ورزش کریں گے۔ جاویر ایک چھوٹے سےاپارٹمنٹ میں رہتے ہیں، اس کے باوجود انہوں نے  طویل فاصلے کی دوڑ لگانے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے اپارٹمنٹ میں 10 گھنٹوں تک مسلسل دوڑ کر 61 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ انہوں نے  سمارٹ فون سے اس دوڑ کی ریکارڈنگ کی اور اسےدوسرے افراد کے لیے شیئر کیا۔ انہوں نے  اپنی دوڑ کو  صحت عامہ کے لیے کام کرنے والے افراد کے نام کیا۔

جاویر اس سے پہلے پانچ دنوں میں  ایک الٹرا مین (کل فاصلہ 517.5 کلومیٹر، جس میں سے 10 کلومیٹر تیراکی، 423 کلومیٹر موٹر سائیکل پر دوڑ اور 84 کلومیٹر الٹرامیراتھن ہوتی ہے) اور پانچ  آئرن مین (3.86 کلومیٹر کی تیراکی، 180.25 کلومیٹر کی سائیکلنگ اور42.20 کلومیٹر کی دوڑ) دوڑوں میں  حصہ لے چکے ہیں۔

جاویر نے تسلیم کیا کہ 061 چیلنج ہر کسی کے لیے نہیں ہے۔تاہم اس مثال سے ثابت ہوتا ہے کہ آپ 4 میٹر کے ہال وے میں بھی طویل فاصلے تک دوڑ سکتے ہیں۔

جاویر سے پہلے ایک چینی شخص بھی کورونا وائرس کے باعث گھر میں محصور رہتے ہوئے 50 کلومیٹر کی دوڑ مکمل کر چکے ہیں (تفصیلات اس صفحے پر)