نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کپاس کی بوائی مہم کے سلسلے میں خصوصی نشریات کا آغاز 26 مارچ سے کر ے گا، ترجمان

جمعہ 20 مارچ 2020 18:03

لاہور۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2020ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں کپاس کی بوائی کا آغاز یکم اپریل سے ہو رہا ہے۔پاکستان کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں چوتھے نمبر پر آتا ہے اور ملکی مجموعی پیداوار کا قریباً80 فیصدپنجاب میں پیدا ہوتا ہے۔کپاس اور اس کی مصنوعات کے ذریعے ملک کو کثیر زرِمبادلہ بھی حاصل ہوتا ہے۔

کپاس کو ہماری ملکی معیشت میںاہم حیثیت حاصل ہے کیونکہ اس کا ہماری قومی جی ڈی پی میں 1.5فیصد اور معیاری زرعی مصنوعات کی تیاری میں7فیصد حصہ ہے ۔اس اہم فصل کی بوائی مہم میں نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کیلئے 26تا31مارچ خصوصی ہفتہ نشریات کا آغاز کر رہا ہے جس کے دوران کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کیلئے صوبہ بھر میں ریڈیو اسٹیشن لاہور،فیصل آباد،ملتان،بہاولپور اورسرگودھا سے زرعی پروگراموں میں ماہرین کی کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے مطابق تقاریر نشر کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سوشل میڈیا (فیس بک ،ٹویٹر ،یو ٹیوب چینل اور واٹس ایپ گروپس )کے ذریعے کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کی جائے گی۔یاد رہے کرونا وائرس کے باعث محکمہ زراعت کے کاشتکاروں کے تربیتی پروگرام کے انعقاد کا التواء کیا جا چکا ہے لہذٰا کپاس کے کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کیلئے سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید کی ہدایت پر پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے موثر انتظام کیا جا رہا ہے اور کپاس کے کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔

یاد رہے کپاس کی آئندہ فصل کی بہتر پیداوار کے لئے محکمہ زراعت گلابی سنڈی کے کنٹرول کیلئے آف سیزن منجمنٹ پر عمل درآمد کر چکا ہے تاکہ کاشتکار کپاس کی آئندہ بھرپور پیداوار سے ملک کی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔