شہباز شریف (کل ) رات وطن واپس پہنچ رہے ہیں، مریم اور نگزیب

شہباز شریف ملک میں کورونا وائرس سے قوم کو بچانے اور دیگر کوششوں میں کردار ادا کریں گے بیان جونہی شہباز شریف صاحب کو بتایاگیاپاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن بند کر دیا گیا ہے ،واپسی کا بیان داغنے کا کہہ دیا ہے، لوگوں کو اتنا بے وقوف کیوں سمجھتے ہیں فواد چوہدری

ہفتہ 21 مارچ 2020 21:10

شہباز شریف (کل ) رات وطن واپس پہنچ رہے ہیں، مریم اور نگزیب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ہفتہ کی رات وطن واپس پہنچنے کا فیصلہ کیا ۔مریم اور نگزیب کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال کے پیش نظر شہباز شریف نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ،محمد نواز شریف کی سرجری اگلے ہفتے ہونا طے تھی ۔

انہوںنے کہاکہ شہباز شریف نے فیصلہ کیا کہ قوم میں ان کی موجودگی زیادہ ضروری ہے ،شہباز شریف ملک میں کورونا وائرس سے قوم کو بچانے اور دیگر کوششوں میں کردار ادا کریں گے۔لیگی رہنما عطاء تارڑ نے کہاکہ موجودہ ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے بھاء کی علالت کے باوجود, پاکستان اور اپنی عوام کی خاطر، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے، صدر سے جماعت کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ جونہی شہباز شریف صاحب کو بتایاگیاکہ پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن بند کر دیا گیا ہے انہوںنے واپسی کا بیان داغنے کا کہہ دیا ہے ، پتہ نہیں یہ پاکستان کے لوگوں کو اتنا بے وقوف کیوں سمجھتے ہیں ۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ میری وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ شہباز شریف لیڈر آف اپوزیشن ہیں ان کیلئے خصوصی اجازت دی جانی چاہئے اور 14 دن ان کو میو ہسپتال کو آرٹین کرایا جائے تا کہ انھیں احساس ہو کہ ہسپتال کی کیا اہمیت ہے۔