آرمی چیف کا فوج کو سول انتظامیہ کی مددتیز کرنے کا حکم

کوئی بھی خطرہ ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا،چین کی مثال ہمارے سامنے ہے، انفرادی طور پر کرونا وائرس سے اپنا بچائو کرنا درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے، ہر پاکستانی کا فرض حکومت اور محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل کرے، ایسا کرنے سے ہی قومی کوشش کامیاب ہو گی،ترجمان آئی ایس پی آر

ہفتہ 21 مارچ 2020 21:11

آرمی چیف کا فوج کو سول انتظامیہ کی مددتیز کرنے کا حکم
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2020ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا اور یہ چین نے کرکے دکھایا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امدادتیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، یہ احکامات وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم کورونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضہ کے طور پر انجام دیں گے، پاک فوج قومی کوشش کا حصہ ہوتے ہوئے اس ذمہ داری کو ادا کرے گی، کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا جیسا کہ چین نے کر دکھایا ہے، انفرادی نظم و ضبط اور باہمی تعاون تمام اداروں کی کوششوں کو یکجا کرے گا اس میں ہی قومی کامیابی ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہر انفرادی حفاظتی قدم اہمیت کا حامل ہے، انفرادی طور پر کرونا وائرس سے اپنا بچائو کرنا درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے، پہلے انفرادی طور پر ایک ذمہ دار شہری بننا ہے تا کہ اجتماعی سطح پر حکومتی اور اداروں کی کوششیں کامیاب ہو سکیں، ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ حکومت اور محکمہ صحت کی کرونا وائرس کے حوالے سے ہدایات پر عمل کرے، ایسا کرنے سے ہی قومی کوشش کامیاب ہو گی۔